
مدھیہ پردیش: کانگریس کے 5 کونسلروں کی ہوئی گھر واپسی، تصویر/آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے 5 کونسلروں نے کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ ٹیکم گڑھ کے رکن اسمبلی یادویندر سنگھ بندیلہ کی قیادت میں اور راجیہ سبھا رکن اشوک سنگھ، تنظیم کے نائب صدر سکھ دیو پانسے، سینئر لیڈر مہندر سنگھ چوہان سمیت کانگریس کے کئی لیڈران اور کارکنان کی موجودگی میں پانچوں کونسلروں نے کانگریس کی بنیادی رکنیت حاصل کی۔ کانگریس میں واپس آنے والے کونسلروں میں چیتا بھائی کشواہا، اروند سنگھ، راکھی دھرو یادو، انشول جین اور رام کمار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیکم گڑھ میونسپلٹی کے پانچوں کونسلر کچھ عرصہ قبل کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے تھے۔ پانچوں کونسلروں کی دوبارہ پارٹی میں شمولیت پر کانگریس لیڈران نے ان کا شاندار استقبال کیا اور کہا کہ کانگریس تنظیم جمہوری اقدار، عوامی مفاد اور عوام کی آواز کو مضبوطی سے اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ پانچوں کونسلروں کی ’گھر واپسی‘ سے ٹیکم گڑھ میں کانگریس تنظیم کو نئی توانائی اور مزید مضبوطی ملنے کی امید ظاہر کی گئی۔
اس موقع پر موجود کانگریس لیڈران اور کارکنان نے پانچوں کونسلروں کا استقبال کرتے ہوئے ان کے دوبارہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔ دراصل ٹیکم گڑھ میونسپلٹی گزشتہ کچھ عرصے سے سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہاں کے میونسپل صدر پپو ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، لیکن ہائی کورٹ نے انہیں راحت دی اور ایک بار پھر انہیں عہدے پر بحال کر دیا گیا۔ ایک طرف جہاں میونسپل صدر کے طور پر کانگریس کو بڑی کامیابی ملی، دوسری جانب اب 5 کونسلروں کی واپسی کے بعد کانگریس کارکنان پرجوش ہیں۔ کانگریس 5 کونسلروں کی گھر واپسی کو بڑا پیغام قرار دے رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔