
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج احتیاطاً خود کو آئیسولیٹ کر لیا۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے اس بارے میں اطلاع دی۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر کے کچھ افسران کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں اور یہ افسر ان کے رابطے میں ہیں، لہٰذا وہ خود کو آئیسولیٹ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری گویل بھی پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں کچھ دیگر افسران بھی اس مہلک وبا کی زد میں ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے آج رات ساڑھے آٹھ بجے ریاست کے عوام سے خطاب کریں گے۔ اس دوران، ریاست میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جاسکتا ہے، ریاستی حکومت کئی دنوں سے اس کی تیاری کر رہی ہے۔
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران عالمی وبائی مرض کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے 13500 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور اس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7.50 لاکھ کے پار ہو چکی ہے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 13500 نئے متاثرین درج کیے گئے ہیں۔ جن میں زیادہ تر نوجوان افراد ہیں۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ دارالحکومت میں اب تک 750188 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سے 15 دنوں کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ نئے مریضوں میں سے 65 فیصد کی عمر 45 سال سے کم ہے۔
مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ ’’کورونا کی دوسری لہر کا ساری دنیا کو سامنا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ حکومت اس کے خلاف کیا اقدامات لے رہی ہے۔ تاحال ویکسین کی لگ بھگ 11 کروڑ خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ یہ ایک اطمینان بخش رفتار ہے۔‘‘
سشیل چندرا نے منگل کے روز 24ویں چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا کا عہدہ سنبھال لیا۔ چندرا سنیل اروڑا کے مقام پر الیکشن کمشنر مقرر کئے گئے ہیں۔ سنیل اروڑا کی سبکدوشی کے بعد پیر کے روز صدر رام ناتھ کووند نے سشیل چندرا کو نئے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر مقرر کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کی مسلمانوں سے متحد ہونے کی اپیل کے خلاف الیکشن کمیشن نے ان کی تشہیر کاری پر 24 گھنٹے کی پابندی عائد کر دی ہے، جس پر ممتا بنرجی احتجاج کر رہی ہیں۔ کولکاتا میں انہوں نے گاندھی مورتی کے سامنے بیٹھ کر الیکشن کمیشن کے خلاف دھرنا دیا۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کے خلاف تشہیر کرنے پر 12 اپریل کی رات 8 بجے سے 13 اپریل کی رات 8 بجے تک پابندی عائد کر دی ہے۔
مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا، ’’ہم نے ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ لکشادیپ اور جموں و کشمیر کے ایک ضلع بڈگام کو ٹی بی (تپ دق) سے پاک قرار دے دیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کامیابی کی شروعات ہے اور میرے خیال میں 2025 تک ہندوسان کو تپ دق سے پاک کرنے کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ کرناٹک بی ایس یدی یورپا نے کہا، ’’ہم نے یہاں پر کورونا کی صورت حال کے تعلق سے 18 اپریل کو کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ فوری طور پر لاک ڈاؤن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تکنیکی مشاورت کمیٹی نے کہا ہے کہ یہاں 2 مئی تک پازیٹو کیسز میں اضافہ ہوگا، لہذا عوام کو کورونا کے تعلق سے بہتر طرز عمل پیش کرنا ہوگا۔‘‘
مختلف مذاہب اور علاقوں کے تہواروں پر راہل گاندھی کی نیک خواہشات
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’ملک کے کونے کونے میں ان دنوں ہر دھرم، مذہب، ذات کے تہوار ہیں۔ امید ہے کہ یہ نیا سال سب کو صحت اور سلامتی عطا کرے۔ اگادی، گُڑی پڑوا، بیساکھی، نوریہہ اور نوراتری بابرکت ہوں۔‘‘
خیال رہے کہ آج یعنی 13 اپریل سے ہندی نیا سال (سموتسر2078) شروع ہو رہا ہے۔ اسے مہاراشٹر میں گُڑی پڑوا کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جبکہ آج سے نوراتر بھی شروع ہو رہے ہیں جس میں ورت رکھے جاتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Apr 2021, 8:57 AM IST