قومی خبریں

پدماوت LIVE: قانون کی ابتر صورت حال کیلئے بی جے پی حکومتیں ذمہ دار۔ کانگریس

اشتعال انگیز بیانات، تشدد، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائیوں کے درمیان پورے ملک میں ’پدماوت‘ ریلیز ہوئی لیکن چار ریاستوں میں اس فلم کو نہیں دکھائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا فلم پدماوت میں دیپیکا پادوکون اور شاہد کپور

طویل انتظار کے بعد 'پدماوت' ریلیز، چار ریاستوں میں نہیں دکھائی گئی فلم

آج بالآخر ’پدماوت‘ دیکھنے والوں کا انتظار ختم ہو گیا۔ اشتعال انگیز بیانات، تشدد، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائیوں کے درمیان پورے ملک میں ’پدماوت‘ ریلیز ہوئی لیکن چار ریاستوں میں اس فلم کو نہیں دکھائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ گجرات، راجستھان، مدھیہ پردیش اور گوا میں یہ فلم نہیں دکھائی جا رہی ہے۔ گجرات میں تین ملٹی پلیکس کے باہر ہوئے تشدد کے واقعات کو دیکھتے ہوئے تھیٹر مالکوں نے کہا کہ وہ فلم ’پدماوت‘ کو نہیں دکھائیں گے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

دہلی میں 'پدماوت' دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد تھیٹر پہنچی

دہلی کے راجوری گارڈن واقع تھیٹر میں فلم ‘پدماوت’ دیکھنے کے لیے پہلے شو میں لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی۔ فلم دیکھنے پہنچے شائقین کا کہنا ہے کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آخر اس فلم میں ایسا کیا ہے جس پر پورے ملک میں اس قدر ہنگامہ برپا ہو رہا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

اسکولی بچوں کے والدین میں خوف کا ماحول

آج صبح دہلی کے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو اسکول چھوڑنے ان کے والدین خود آئے کیونکہ وہ اس بات سے پریشان تھے کہ گڑگاوں میں اسکولی بس پر حملہ ہو سکتا ہے تو دہلی میں بھی اس طرح کا واقعہ ہو سکتا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

گروگرام کے ایک مال میں بھی 'پدماوت' کی اسکریننگ رَد

گروگرام یعنی گڑگاوں واقع ایک مال میں اس فلم کی اسکریننگ رد کر دی گئی اور اس کا پوسٹر باہر لگا دیا گیا تاکہ کرنی سینا کے مشتعل کارکنان کسی طرح کی توڑ پھوڑ نہ کریں۔

دوسری طرف پونے میں فلم پدماوت خوشگوار ماحول میں دیکھا جا رہا ہے۔ ای اسکوائر سنیما ہال کے مالک کشور کہتے ہیں کہ صبح والا شو ہاوس فل ہے اور پولس کی موجودگی کے ساتھ ساتھ یہاں ہماری سیکورٹی بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک سب کچھ ٹھیک ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

مظفر پور میں کرنی سینا کارکنان تلوار کے ساتھ سڑک پر اترے

بہار کے مظفر پور میں کرنی سینا کے کارکنان فلم کی مخالفت میں سڑک پر اترے۔ ان کے ہاتھوں میں تلوار تھے اور لوگوں نے اپنے چہرے کو کپڑوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ فلم کی مخالفت کر رہے کرنی سینا کارکنان نے ٹائر میں آگ لگا کر علاقے میں کرفیو کا سماں پیدا کر دیا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

راجستھان میں بھی کرنی سینا کے غنڈے مخالفت میں بائک ریلی نکالی اور پورے ملک میں فلم ریلیز کے خلاف احتجاج کیا۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

ملٹی پلیکس ایسو سی ایشن آف انڈیا کا بہار میں بھی 'پدماوت' ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ

ملک کی 75 فیصد ملٹی پلیکس مالکان کی نمائندگی کرنے والے ادارہ ملٹی پلیکس ایسو سی ایشن آف انڈیا نے راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور گوا کے ساتھ ساتھ بہار میں بھی فلم ریلیز نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

گجرات میں آج بھی پرتشدد مظاہرے

فلم ’پدماوت‘ کے خلاف گجرات میں آج بھی کئی جگہ پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ امریلی-راجولا-پیپاواو اسٹیٹ ہائیوے کو مقامی لوگوں نے پوری طرح بلاک کر دیا ہے۔ ایک طرف تو کئی تھیٹر مالکان نے فلم ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو کئی سنیما گھروں میں فلم ریلیز ہو گئی ہے۔ جن سنیما ہالوں میں فلم دکھائی جا رہی ہے وہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

سوشل میڈیا میں بی جے پی نشانے پر

منوراج ایس. نام کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہندوستان کا ایک نقشہ پوسٹ کیا گیا ہے جس میں پدماوت فلم کے تعلق سے ہو رہے تشدد سے متاثر ریاستوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ظاہر کیا گیا ہے کہ ان ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں جو کرنی سینا کے غنڈوں پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔ اس نقشہ میں جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات، بہار، مہاراشٹر، ہریانہ، اترپردیش اور چھتیس گڑھ کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان ریاستوں میں کہاں تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے اس کا بھی تذکرہ ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی عرضی دائر

فلم 'پدماوت' کی ریلیز پر لا اینڈ آرڈر درست رکھنے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل نہیں ہونے کو لے کر توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن پر پیر کو سماعت ہوگی۔

سماجی کارکن تحسین پوناوالا اور ایک دیگردرخواست گزار نے دو الگ الگ درخواستیں دائر کرکے چار ریاستی سركاروں- راجستھان، ہریانہ، گجرات اور مہاراشٹر اور کرنی سینا کے عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ شروع کرنے کی عدالت سے درخواست کی ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

وارانسی: خودسوزی کی کوشش، نوجوان گرفتار

اتر پردیش میں پدماوت کی مخالفت زوروں پر ہے۔ وارانسی میں سنیما ہال کے باہر ایک نوجوان نے خودکشی کی کوشش بھی کی جس کے بعد پولس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ دوسری طرف لکھنؤ کے ناولٹی سنیما ہال کے باہر کرنی سینا کے اراکین نے فلم پدماوت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے لوگوں کو گلاب کا پھول دے کر فلم نہ دیکھنے کی اپیل کی۔ ایک احتجاجی نے یہاں تک کہا کہ ”اگر کسی نے پہلے سے ٹکٹ خرید لیا ہے تو ہم اس کے نقصان کی تلافی بھی کریں گے۔“

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

شرپسندوں کا ہنگامہ جاری

اتراکھنڈ کے رشی کیش میں شرپسندوں اور پولس کے درمیان جھڑپ ہونے کی اطلاع ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

پدماوت تنازعہ پر اروند کجریوال نے کہا ’’کل کچھ لوگوں نے گڑگاؤں میں بچوں کی بس پر پتھر پھینکے۔ مجھے ساری رات نیند نہیں آئی۔ یہ پورے ملک کے لئے شرم کی بات ہے۔‘‘

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

گروگرام میں کل اسکول بس پر پتھر بازی کے الزام میں 18 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

واضح رہے کہ گزشتہ روز پدماوت کی مخالفت میں شرپسندوں نے جی ڈی گوئنکا اسکول کی ایک بس پر حملہ کر دیا تھا۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

بھاری تعداد میں لوگ پدماوت دیکھنے پہنچے

کاروباری ذرائع کے مطابق کرنی سیناکے احتجاج اور دھمکی کے پیش نظر سنیماگھروں میں سخت سیکورٹی کے درمیان مختلف مقامات پر فلم ریلیز کی گئی اور فلم دیکھنے پہنچے ناظرین کی اچھی خاصی تعداد رہی۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

تصویر قومی آواز

دہرادون میں سخت حفاظتی انتظامات

پدماوت فلم ریلیز ہونے کے بعد جاری پر تشدد واقعات کے پیش نظر اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہرادون کے ایس پی سٹی پردیپ رائے کا کہنا ہے کہ ’’سبھی مشتبہ گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ فلم کے تمام شو کل سے ہی ہاؤس فل ہیں۔ ہم ہر صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اور ضرورت پڑی تو گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

دیپیکا پادوکون کی ناک اور کان کاٹنے پر ایک کروڑ کا انعام!

چھتریہ مہاسبھا کے صدر کا اعلان ’’جو شخص دیپیکا پادوکون کی ناک اور کان کاٹ کر لائے گا اسے چھتریہ سماج کی طرف سے ایک کروڑ کا انعام دیا جائے گا۔‘‘

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

تشدد کے لئے بی جے پی ذمہ دار: کانگریس

متنازعہ فلم پدماوت کے سلسلے میں ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر کانگریس نے بی جے پی کی مرکز اور ریاستی حکومتوں کو بگڑتی صورت حال کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔

کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت نے فلم پدماوت کو ریلیز کرنے کے سلسلے میں خاطر خواہ تیاری نہیں کی جس کی وجہ سے ملک بھر میں خاص طور پر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں نظم و نسق کی صور ت حال خراب ہورہی ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

انہوں نے کہا کہ اطلاعات و نشریات کی وزیر اسمرتی ایرانی کو فلم ریلیز ہونے سے پہلے متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے تھی۔ انہیں ایسا نظم و نسق کرنا چاہئے تھا جسے تمام فریقین قبول کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو بھی قانون و انتظام کی صورت حال کو سدھارنے کے لئے فوری قدم اٹھانے چاہئے اور تشدد میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

ہریانہ کے ڈی جی پی بی ایس سندھو نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم پدماوت ہریانہ کے 9 اضلاع کے 33 سنیما گھروں میں چل رہی ہے اور اس دوران کہیں سے بھی کوئی نا خوش گوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فلم کی نمائش پر کوئی روک نہیں ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

وہیں گڑگاؤں پولس نے کرنی سینا کے جنرل سکریٹری اور سابق بی جے پی رہنما سورج پال امو کو گرفتار کر لیا ہے۔ راجپوت رہنما امو نے ابھی تک اس معاملہ میں جارحانہ رویہ کا مظاہرہ کیا ہے۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 25 Jan 2018, 12:01 PM IST