قومی خبریں

’ووٹ چوروں کے خلاف پُرامن احتجاج کے لیے چلو راج گھاٹ‘، دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی عوام سے اپیل

کانگریس کے دہلی صدر دیویندر یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ عوام سے راہل گاندھی کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لیے آج 1:30 بجے راج گھاٹ پر جمع ہو کر پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا،&nbsp;@devendrayadvinc</p></div>

تصویر سوشل میڈیا، @devendrayadvinc

 

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں شدید احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی میں انڈیا بلاک، بالخصوص کانگریس، نے اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائی ہے۔ ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس لیڈران، پارٹی کارکنان اور عام لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ اسی احتجاجی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس کے دہلی صدر دیویندر یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ عوام سے راہل گاندھی کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لیے آج 1:30 بجے راج گھاٹ پر جمع ہو کر پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے۔

دہلی کانگریس اور دیویندر یادو نے عوام سے راج گھاٹ چلنے کی اپیل کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کئی پوسٹ کیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’ووٹ چوروں سے حساب اور گیانیش کمار کا استعفیٰ لینے کے لیے راج گھاٹ پہنچیں۔ راہل گاندھی مسلسل پارلیمنٹ سے سڑک تک حق رائے دہی کی لوٹ کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی کہا کہ ’’کل جس طرح امت شاہ کی پولیس نے ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت انڈیا اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا، وہ جمہوریت کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔‘‘

دہلی کانگریس نے مزید لکھا کہ ’’اس ملک کی جمہوریت کو ہمارے بزرگوں نے اپنی جدوجہد کے پسینے اور قربانیوں کے خون سے سینچا ہے۔ ہم جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ آج راج گھاٹ سے صرف ایک ہی آواز بلند ہوگی، ووٹ بچاؤ، جمہوریت بچاؤ!‘‘ ایک ویڈیو پوسٹ کر دہلی کانگریس نے لکھا کہ ’’ملک کی جمہوریت کے گنہگاروں کو سزا ملے گی، گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا ہوگا۔ ووٹ کی چوری کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی...‘‘

دہلی پردیش کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تاناشاہی اور ووٹ کی چوری کے خلاف کانگریس کا ہر سپاہی جدوجہد کے لیے تیار ہے! لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی جدوجہد کو مضبوط کرنے اور آئین کی حفاظت کے لیے آج دوپہر 1:30 بجے راج گھاٹ پر منعقد پُرامن مظاہرے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہوں۔ ووٹ چوروں کے خلاف، چلو راج گھاٹ!‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔