
ملائم سنگھ یادو کا جسد خاکی جب سے سیفئی پہنچا ہے، سرکردہ سیاسی و سماجی لیڈروں کا پہنچنا جاری ہے۔ سماجوادی پارٹی، کانگریس، بی جے پی اور دیگر پارٹیوں کے لیڈران خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لگاتار پہنچ رہے ہیں۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے مطلع کیا گیا ہے کہ ملائم سنگھ یادو کا جسد خاکی کل یعنی منگل کی صبح دس بجے سیفئی میلہ گراؤنڈ کے پنڈال میں رکھا جائے گا۔ بعد ازاں دوپہر تین بجے آخری رسومات کی ادائیگی ہوگی۔
ہر دلعزیز لیڈر اور سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کا جسد خاکی دیر شام ان کے آبائی گاؤں سیفئی پہنچ گیا۔ بڑی تعداد میں ملائم سنگھ کے چاہنے والے ان کا انتظار کر رہے تھے۔ جیسے ہی جسد خاکی ایمبولنس میں لے کر ملائم کے بیٹے اکھلیش یادو وہاں پہنچے، ان کا دیدار کرنے لوگوں کا ہجوم امنڈ پڑا۔ ہر طرف غم و اندوہ کی لہر دوڑ رہی تھی اور ایک جھلک پانے کو سبھی بے قرار نظر آ رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی سفیئی پہنچ کر ملائم سنگھ یادو کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر یوپی حکومت میں وزیر سوتنتر دیو سنگھ اور بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ چودھری بھی موجود رہے۔
بھارت جوڑو یاترا کے دوران ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر راہل گاندھی اور ان کے ساتھیوں نے ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے بانی اس قدآور لیڈر کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس دوران راہل گاندھی اور دیگر پدیاتریوں نے کچھ دیر تک خاموشی بھی اختیار کی۔
نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر آر جے ڈی سپریمو لالو یادو نے ٹوئٹ کرکے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ملک کی سیاست میں اور پسماندہ افراد کو صف اول میں لانے میں ان کا تعاون بے مثال ہے۔ اس کی یادیں جڑی رہیں گی۔
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بتادیں کہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو پیر کی صبح انتقال کر گئے۔ وہ82 برس کے تھے۔ عمر عبداللہ نے موصوف لیڈر کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’میں اپنے والد اور تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کر اکھلیش یادو اور ان کے جملہ اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتا ہوں‘۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’نیتا جی ایک عظیم الشان شخصیت کے مالک تھے جن کے اترپردیش اور پورے ملک کے لئے کی جانی والی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا، ''ملائم سنگھ یادو جی کی موت بہت افسوسناک ہے۔ ان کی موت پر اتر پردیش حکومت نے تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اتر پردیش کی حکومت نے ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات اتر پردیش میں ان کے آبائی گاؤں سیفائی میں ادا ہوں گی۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ایس پی لیڈر ملائم سنگھ یادو کا آج میدانتا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 82 برس تھی۔ ملائم سنگھ یادو طویل عرصے سے بیمار چل رہے تھے۔ ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی جانکاری دیتے ہوئے ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ میرے قابل احترام والد اور سب کے لیڈر اب نہیں رہے۔
دہلی-این سی آر اور یوپی میں بارش جاری ہے۔ جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے اور موسم سرد ہوگیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں موجودہ بارش مانسون کی بارش نہیں ہے۔ یوپی میں بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں کل اسکول بند رہیں گے۔ اتر پردیش کے جن اضلاع میں اسکول بند رہیں گے ان میں لکھنؤ، کانپور، علی گڑھ، میرٹھ، گوتم بدھ نگر، غازی آباد، آگرہ اور ہاپوڑ وغیرہ شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Oct 2022, 9:40 AM IST