
کرنول میں حادثہ کی شکار بس / آئی اے این ایس
آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں جمعہ کی علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ واقعہ کلور منڈل کے چِنّا ٹیکور گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے بنگلورو جا رہی ایک نجی مسافر بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
پولیس کے مطابق بس میں کل 38 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد فیول ٹینک پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جو چند لمحوں میں پورے ڈھانچے پر پھیل گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 11 مسافر زندہ جل کر ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد مزید 8 مسافروں نے دم توڑ دیا۔ جبکہ 19 مسافر کسی طرح جان بچانے میں کامیاب رہے۔ جاں بحق ہونے والے 20 افراد میں موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہے۔
Published: undefined
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ صبح 3:30 اور 4:00 بجے کے درمیان پیش آیا۔ تمام لاشوں کو بس سے نکال لیا گیا ہے اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ زیادہ تر لاشیں بری طرح جل چکی ہیں، جس کی وجہ سے شناخت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کرنول کے گورنمنٹ جنرل اسپتال (جی جی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت کئی سینئر افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک طویل عرصے تک متاثر رہا۔
Published: undefined
آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ شناخت اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایک بیان میں کہا کہ ’’کرنول میں بس حادثے میں جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘
Published: undefined
پی ایم او نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وزیر اعظم مودی کا افسوس ظاہر کرنے والا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا، ’’کرنول میں حادثے میں قیمتی جانوں کا نقصان دل کو توڑ دینے والا ہے۔ میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم نیشنل ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
کانگریس رہنما اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ حادثہ نہایت دردناک اور تکلیف دہ ہے۔ بار بار ہونے والے اس طرح کے واقعات ہمارے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کی حفاظت پر سنگین سوال کھڑا کرتے ہیں۔‘‘ اسی طرح کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ بار بار پیش آنے والے ان حادثات کے لیے ذمہ داری طے کرنا ضروری ہے تاکہ آئندہ اس طرح کی غفلت نہ ہو۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined