
کانگریس صدر کھڑگے اور راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
نئی دہلی: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے قومی یومِ نوجوانان کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ہندوستان کے عظیم مفکر، فلسفی اور روحانی رہنما سوامی ویویکانند کو عقیدت کے پھول نذر کیے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی ویویکانند کے نظریات آج بھی اتنے ہی بامعنی اور رہنمائی فراہم کرنے والے ہیں جتنے اپنے دور میں تھے، خصوصاً نوجوان نسل کے لیے۔
Published: undefined
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ قومی یومِ نوجوانان دراصل سوامی ویویکانند کی فکر، نظریہ اور پیغامِ انسانیت کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی ویویکانند ہندوستانی تہذیب، روحانی اقدار اور انسانی مساوات کے نمائندہ تھے اور ان کی فکر نے نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا۔ کھڑگے کے مطابق راجیو گاندھی نے نوجوانوں کو فکری طور پر بااختیار بنانے کے مقصد سے سوامی ویویکانند کے یومِ پیدائش کو قومی یومِ نوجوانان کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔
Published: undefined
کانگریس صدر نے سوامی ویویکانند کے 1893 میں امریکہ کے شکاگو میں منعقدہ عالمی مذہبی کانفرنس کے تاریخی خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خطاب میں بیان کیے گئے خیالات آج کے حالات میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سوامی ویویکانند کے اس پیغام کو نمایاں کیا جس میں فرقہ وارانہ تعصب، تنگ نظری اور ہٹ دھرمی کو انسانیت کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا تھا۔ کھڑگے نے کہا کہ سوامی ویویکانند نے تشدد، نفرت اور باہمی بداعتمادی کے خلاف جو آواز بلند کی، وہ آج بھی عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کی بنیاد بن سکتی ہے۔
Published: undefined
انہوں نے مزید کہا کہ سوامی ویویکانند نے انسان کو ذات، مذہب اور قوم کی حد بندیوں سے اوپر اٹھ کر دیکھنے کی تلقین کی اور روحانی ترقی کو سماجی مساوات سے جوڑ کر پیش کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی فکر آج کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
Published: undefined
اسی موقع پر کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی سوامی ویویکانند کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ سوامی ویویکانند کے نظریات نے ہندوستانی تہذیب اور ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا اور ان کے اصول ہر ہندوستانی کو مسلسل رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔ راہل گاندھی کے مطابق سوامی ویویکانند کی تعلیمات نوجوانوں میں خود اعتمادی، فکری آزادی اور انسان دوستی کو فروغ دیتی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined