قومی خبریں

کشمیری پنڈتوں نے کیا شاہین باغ کی خواتین مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی

کشمیری پنڈت جو کشمیر سے اپنے نکلنے کے 30 سال پورے ہونے پر پورے ملک میں احتجاج کر رہے تھے اس میں سے ایک گروپ شاہین باغ میں مظاہرین کے پاس پہنچا اور کہا کہ ہم سے بہتر آپ کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

گزشتہ اتوار کی طرح اس اتوار کو بھی شاہین باغ میں ایک مہینے سے جاری مظاہرہ میں زبردست بھیڑ تھی۔ ہزاروں کی تعداد میں جمع ہوئے مظاہرین نے پر امن انداز میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے ملک کے کشمیری پنڈتوں کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ شام سے ہی شاہین باغ جانے والی ہر سڑک پر بھیڑ تھی اور اوکھلا آنے والی ہر میٹرو کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔

Published: undefined

شام کے وقت سینکڑوں لوگ جن میں خواتین اور بچے شامل تھے انہوں نے جامعہ یونیورسٹی سے شاہین باغ تک شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مارچ نکالا، انہوں نے اپنے ہاتھوں میں اس قانون کے خلاف اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حق میں کتبہ اٹھائے ہوئے تھے۔ کچھ مقامی لوگوں نے گاندھی اور بی آر امبیڈکر کی طرح لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ تین مظاہرین بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھدیو کی طرح خود کو بنائے ہوئے تھے اور ایک نظربندی کیمپ بھی بنایا ہوا تھا جس میں مختلف مذاہب کے لباس پہنے بچے بیٹھے ہوئے تھے۔

Published: undefined

پوری دنیا میں مشہور ہو چکا شاہین باغ خواتین کا یہ مظاہرہ ہر نئے دن کے ساتھ نئےچہروں اور مقررین کا استقبال کرتا ہے۔ مقامی صحافی جاوید چھولسی کا کہنا تھا ’’لوگوں میں زبردست جوش تھا اور اب تک کی اس مظاہرہ میں سب سے زیادہ بھیڑ موجود تھی۔‘‘ کشمیری پنڈت جو کشمیر سے اپنے نکلنے کے 30 سال پورے ہونے پر کل پورے ملک میں احتجاج کر رہے تھے اس میں سے ایک گروپ شاہین باغ میں مظاہرین کے پاس پہنچا اور کہا کہ ’’ہم سے بہتر آپ کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیں بھی آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے۔‘‘ کشمیری پنڈت یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ وہاں موجود مظاہرین نے پورے جوش کے ساتھ ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگائے۔ وہ حیران اس لئے ہوئے کیونکہ سماج کے ایک طبقہ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو فرقہ وارانہ شکل دینے کی کوشش کی ہوئی ہے اور مسلمانوں کے تعلق سے یہ جھوٹ پھیلایا جاتا رہا ہے کہ وہ ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے نہیں لگاتے۔

Published: undefined

کل کے مظاہرہ میں بڑی تعداد میں فنکار، شاعر اور پینٹر موجود تھے۔ معروف شاعر گوہر رضا سمیت کئی شاعروں نے اس موقع پر اپنا کلام پیش کیا اور کئی پینٹرس نے وہاں پینٹنگ بنائیں۔ وہاں صبا سلطان آزاد اور انکور تیواری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مزاح کے اپنے انداز کے لئے مشہور کنال کامرا نے بھی عوام سے خطاب کیا۔ کنال کامرا نے سی اے اے، این پی آر اور این آ ر سی کی ترتیب سمجھانے کے لئے ہرین پانڈیا، سہراب الدین اور جج لویا کی اموات کی ترتیب پر روشنی ڈالی۔

Published: undefined

دیر رات تک چلنے والے شاہین باغ مظاہرہ نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب راغب کی ہوئی ہے اور اب پورے ملک میں جگہ جگہ شاہین باغ ہونے کی خبریں آرہی ہیں۔ خود ملک کی راجدھانی دہلی میں کئی مقامات پر خواتین اس قانون کے خلاف احتجاج میں پوری پوری رات ٹھنڈ میں بیٹھی ہوئی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined