قومی خبریں

کشمیر: آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل عہدے سے مستعفی، نیشنل کانفرنس میں ہو سکتے ہیں شامل

کشمیری آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے، ان کے عنقریب نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے اور بارہمولہ پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سرینگر: کشمیری آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے اور ان کے عنقریب نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے اور بارہمولہ پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

شاہ فیصل 2010 میں اس وقت شہ سرخیوں میں چھا گئے تھے جب انہوں نے سول سروسز امتحان میں ہندوستان بھر میں اول مقام حاصل کیا تھا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بھی شاہ فیصل بیباک تبصرے کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر وہ زیر بحث آجاتے ہیں۔

شاہ فیصل اسٹیڈی لیو (تعلیمی چھٹیوں) پر امریکہ گئے ہوئے تھے، بدھ کے روز اپنے ایک تفصیلی فیس بک پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ کشمیر میں ہلاکتوں کے نہ تھمنے والے سلسلے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیر میں اعتماد سازی کی کوئی پہل شروع نہ کرنے کے احتجاج میں مستعفی ہورہے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بدھ کی صبح ہی شاہ فیصل نے اپنے اعلیٰ افسران کو استعفی بھیج دیا ہے۔ حالانکہ ابھی اسے منظوری نہیں دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کی نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے اور چناؤ لڑنے کے لئے سیٹ پر بات چیت چل رہی ہے۔ اس پر جلد ہی حتمی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل اور نیشنل کانفرنس کی بات چیت آخری مرحلہ میں ہے۔

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

دریں اثنا جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر شاہ فیصل کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’افسرشاہی کا نقصان سیاست کا فائدہ۔‘‘

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

ایک اور ٹوئٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا، ’’ہم ان کا (فیصل) سیاست میں استقبال کرتے ہیں۔ ان کے سیاسی مستقبل کا جلد اعلان کیا جائے گا۔‘‘ عمر عبد اللہ کے اسی ٹوئٹ کو شاہ فیصل کے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

قبل ازیں شاہ فیصل نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ وہ جمعہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرکے اپنے مستقبل کے پروگرام کو لوگوں کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے لکھا، ’’کشمیر میں سلسلہ وار جاری ہلاکتوں اور مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی پہل نہ کئے جانے کے خلاف احتجاجاً میں نے آئی اے ایس سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیری طرز زندگی اہمیت کا حامل ہے۔ میں جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرنے جا رہا ہوں۔‘‘

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

واضح رہے کہ شاہ فیصل نے سال 2010 میں آئی اے ایس امتحان میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔ انہیں جموں و کشمیر کا ہوم کیڈر الاٹ کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے ضلع مجسٹریٹ، اسکولی تعلیم کے ڈائریکٹر اور ریاست کے زیر انتظام پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے بطور کام کیا۔ وہ حال ہی میں ہاورڈ کنیڈی اسکول میں فُل برائٹ فیلو شپ مکمل کرنے کے بعد امریکہ سے واپس لوٹے ہیں۔

شاہ فیصل جموں و کشمیر کے تمام مسائل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ اسی سال اپریل مہینے میں فیصل نے آبروریزی کے بڑھتے واقعات کے حوالہ سے ’ریپستان‘ لفظ کا استعمال کیا تھا۔ اسے لے کر کافی تنازعہ کھڑا ہوا تھا، یہاں تک کہ ایک ٹوئٹ میں شاہ فیصل نے اپنے باس کی جانب سے تنبیہ کا لیٹر بھی موصول ہونے کی معلومات شیئر کی تھی۔

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Jan 2019, 6:09 PM IST