قومی خبریں

یوم القدس اور یوم کشمیر پر وادی میں جلوس اور ریلیاں، سرینگر اور کپواڑہ میں جھڑپیں

ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرس اٹھائے ہوئے لوگوں نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو ناگزیر قرار دیا اور فلسطین اور کشمیر کے حق میں نعرے بلند کئے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا گیا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد وادی کی مساجد، خانقاہوں، زیارت گاہوں اور امام باڑوں سے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ان ریلیوں میں شامل لوگوں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرس اٹھا رکھے تھے، نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔ ریلیوں کے شرکاء کی جانب سے فلسطین اور کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

Published: undefined

وادی کشمیر کے علاوہ جموں اور لداخ میں بھی یوم القدس کے موقع پر جلوس بر آمد کئے گئے جن میں لوگوں کے جم غفیر نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کی مخالفت میں جم کر نعرہ بازی کی۔ جمعتہ الوداع کی مقدس تقریب اور یوم القدس کے سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات کشمیر کی مرکزی و تاریخی جامع مسجد سری نگر اور آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئے جن میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے ہزاروں فرزندان توحید، مردو زن اور پیر وجوان نے شرکت کی اور اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور انتہائی عاجزی و انکساری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی، ملت کے جملہ مسائل کے حل کے لئے دعائیں مانگیں۔

Published: undefined

کشمیر میں جمعتہ الوداع کی تقریب حسب سابق مشترکہ مزاحمتی قیادت کے پروگرام کے مطابق یوم القدس اور یوم کشمیر کے بطور منائی گئی۔ اگرچہ یوم القدس اور یوم کشمیر کے سلسلے میں نکالے جانے والی بیشتر ریلیاں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں تاہم سری نگر کے نوہٹہ اور شمالی کشمیر کے قصبہ کپواڑہ میں احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

Published: undefined

موصولہ اطلاعات کے مطابق سری نگر کے نوہٹہ میں واقع مرکزی جامع مسجد اور قصبہ کپواڑہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی نوجوانوں نے بیت المقدس اور کشمیر کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی شروع کردی، تاہم جب احتجاجی نوجوان سیکورٹی فورسز پر پتھرائو کے مرتکب ہوئے تو انہوں نے ردعمل میں آنسو گیس کے گولے داغے اور مبینہ طور پر پیلٹ شلنگ کی۔ نوہٹہ میں طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ قریب ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ جھڑپوں کے دوران متعدد افراد بشمول سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

Published: undefined

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں یوم القدس اور یوم کشمیر کے سلسلے میں نکالے جانے والی ریلیاں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئیں۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسرائیل کی بیت المقدس پر غاصبانہ قصبے کے خلاف اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے مطالبے میں تقریریں کیں۔ مقررین نے کہا کہ بیت القدس کی آزادی امت مسملہ کا مشترکہ چلینج ہے اور اس کی آزادی کے لئے امت وک ایک ہوکر کمر بستہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے بیت المقدس کی آزادی کے لئے دعائیں بھی کیں۔

Published: undefined

یوم القدس منانے کا آغاز ایران میں امام خمینی (رح) نے سنہ 1979ء کے اسلامی انقلاب کے ساتھ ہی کیا تھا۔ علماء کا کہنا ہے کہ امام خمینی (رح) کا مقصد فلسطینیوں کے لئے عالم اسلام کی یکجہتی کے لئے عالمی دن مقرر کرنا تھا کیونکہ فلسطین کے مسئلے کو لیکر وہ بے حد فکر مند تھے اور اس کو مسلمانان عالم کا مشترکہ مسئلہ سمجھتے تھے۔

Published: undefined

اس دوران تاریخی و مرکزی جامع مسجد کے ایک ترجمان نے کہا کہ جمعتہ الوداع کے سلسلے میں میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد سری نگر میں منعقد ہوا جہاں وادی کے طول و عرض سے ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ میں شرکت کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور دعا اور توبہ و استغفار کیا جبکہ کشمیر میں جمعتہ الوداع کی تقریب حسب سابق یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر بھی منائی گئی ۔

Published: undefined

دریں اثنا مشترکہ مزاحمتی قیادت کے مشترکہ فیصلے کے مطابق امسال بھی حسب سابق جمعتہ الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا گیا۔ اس ضمن میں مزاحمتی قیادت نے مشترکہ طور جو قرارداد مرتب کی تھی وہ پورے جموں وکشمیر کی مرکزی مساجد، خانقاہوں، امام باڑوں اور آستانوں میں عوام الناس کے سامنے پیش کی گئی اور ان سے تائید حاصل کی گئی۔

Published: undefined

قرارداد میں کہا گیا کہ 'یہ اجتماع فلسطین اور کشمیری عوام پر ہو رہے مظالم اور ان دونوں دیرینہ تنازعوں کے حل کے تئیں عالمی برادری کی عدم توجہی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ ان دونوں مسئلوں کو ان کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے'۔

Published: undefined

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع قبلہ اول، بیت المقدس کی بازیابی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دنیا کے بااثر مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ او آئی سی پر زور دیتا ہے کہ وہ قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم کو بند کرانے کے لئے آگے آئیں'۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined