قومی خبریں

جموں و کشمیر: پلوامہ میں مسلح تصادم کے دوران 3 جنگجو ہلاک

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم شروع ہوا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال کے جنگلات میں ایک مسلح تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز نے تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے ترال واقع جنگلات میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ان تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’مہلوک جنگجو جیش محمد سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے، نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے۔‘‘

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترال کے جنگلات میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے جمعے کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم شروع ہوا۔

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوؤں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کر دی تھی۔ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں تین جنگجوؤں کو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ قبل ازیں سیکورٹی فورسز نے اسی ضلع کے کھریو پانپور میں جمعرات کو ایک مسلح تصادم کے دوران دو مقامی جنگجوؤں کو ہلاک کیا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined