قومی خبریں

جموں و کشمیر: کورونا کرفیو میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مطابق جموں و کشمیر کے سبھی 20 اضلاع میں نافذ کورونا کرفیو میں مزید سات دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ یعنی اب یہ کرفیو 17 مئی کی صبح سات بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: جموں و کشمیر حکومت نے اس یونین ٹریٹری میں نافذ 'کورونا کرفیو' میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ 'کورونا کرفیو' سخت ہوگا تاہم لازمی اور ایمرجنسی خدمات کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے نیز شادی کی تقریبات میں محض 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

Published: undefined

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'جموں و کشمیر کے سبھی 20 اضلاع میں نافذ کورونا کرفیو میں مزید سات دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ یعنی اب یہ کرفیو 17 مئی کی صبح سات بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ کرفیو سخت ہوگا لیکن لازمی اور ایمرجنسی خدمات مستثنیٰ ہوں گی'۔ ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'مزید یہ کہ شادیوں کی تقریبات میں آج یعنی 9 مئی سے صرف 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت ہوگی'۔

Published: undefined

دریں اثنا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری 'کورونا کرفیو' ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو مسلسل 11 ویں روز بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث سری نگر اور جموں شہروں سے لے کر دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں معمولات زندگی ٹھپ رہی اور ہر طرف خوف وخاموشی کا ماحول طاری رہا۔

Published: undefined

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جنہوں نے اتوار کو سری نگر کے بعض علاقوں کا دورہ کیا، نے بتایا کہ شہر میں ہر سو سناٹا چھایا ہوا ہے اور ہر اتوار کو ٹی آر سی کراسنگ سے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ تک سنجنے والا سنڈے مارکیٹ بھی مسلسل تیسری اتوار کو بھی بند رہا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں انتظامیہ لاک ڈاؤن کو مزید سخت کر رہی ہے وہیں لوگوں میں بھی فکر وتشویش کی لہر تیز ہو رہی ہے۔

Published: undefined

موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ضروری چیزیں فروخت کرنے والی دکانیں جیسے سبزی فروش وغیرہ اگرچہ کہیں کہیں کھلے تھے لیکن پولیس اہلکار ان کے پاس بھیڑ جمع نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور دکان مالکان کو جرمانہ عائد کیا جاتا ہے یا ان کے خلاف مقدمے درج کیے جاتے ہیں۔

Published: undefined

وادی کے دیگر جملہ ضلع و تحصیل صدر مقامات سے بھی اسی نوعیت کی اطلاعات ہیں لوگ گھروں میں ہی محصور ہیں اور انتظامیہ بھی سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کو متواتر ہدایات بھی دے رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے تمام اضلاع میں بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے جس سے ہر طرف خاموشی کا ماحول سایہ فگن ہے۔ صوبہ کے سبھی دس اضلاع میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بند ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined