جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر (16 فروری) کو جموں و کشمیر کے 14 سیاحتی مقامات کو پھر سے کھولنے کا حکم دیا ہے۔ ان مقامات کو گزشتہ سال اپریل میں پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد احتیاطاً عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ اس تعلق سے ایل جی دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سیکورٹی کے جامع جائزہ اور موجودہ صورتحال سے متعلق مشاورت کے بعد لیا گیا ہے۔ ایل جی نے کہا کہ ’’جامع سیکورٹی جائزہ اور مشاورت کے بعد میں نے کشمیر اور جموں ڈویژنوں میں مزید سیاحتی مقامات کو پھر سے کھولنے کا حکم دیا ہے، جنہیں احتیاطاً عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔‘‘
Published: undefined
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ کشمیر ڈویژن کے 11 سیاحتی مقامات کوکرناگ میں یوسمرگ، دودھ پتھری، ڈانڈی پورہ پارک، شوپیاں میں پیر کی گلی، دوبجان اور پدپاون، سری نگر میں آستن پورہ، ٹیولپ گارڈن، تھجواس گلیشیر، گاندربل میں ہنگ پارک اور بارہمولہ میں وولر اور واٹلب کو فوری طور پر دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ جبکہ جموں ڈویژن کے 3 سیاحتی مقامات ریاسی میں دیوی پنڈی، رام بن میں مہو منگت اور کشتواڑ میں مغل میدان بھی فوری طور پر دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈویژن کے تین مقامات گریز، اتھواٹو اور بنگس، جبکہ جموں ڈویژن میں ایک مقام رام بن میں رام کنڈ برف ہٹنے کے بعد دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ عارضی طور پر بند کیے جانے کے بعد پھر سے کھولے گئے سیاحتی مقامات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال 26 ستمبر کو لیفٹیننٹ گورنر نے 12 سیاحتی مقامات کو پھر سے کھولنے کا حکم دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 22 اپریل کو ہوئے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں تقریباً 50 سیاحتی مقامات کو بند کر دیا تھا۔ اس حملے میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جن میں سے زیادہ تر سیاح تھے۔ اس واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined