قومی خبریں

جامعہ میڈیکل کالج کا خواب تعبیر ہونے جا رہا، عنقریب ایم بی بی ایس کورس کا آغاز

جشنِ جوہر 2025 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایم بی بی ایس کورس کے آغاز کا اعلان، ہولی فیملی اسپتال سے انٹرن شپ معاہدہ، سابق طلبہ کی جانب سے بڑے مالی تعاون کے اعلانات اور ادارہ جاتی ترقی کے عزم کا اظہار

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>

تصویر پریس ریلیز

 

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جشنِ جوہر 2025 نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں جامعہ کے تعلیمی مستقبل سے متعلق کئی اہم اعلانات کیے گئے اور سابق طلبہ کی جانب سے ادارہ جاتی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، تقریب کے مہمانِ خصوصی اور وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے اعلان کیا کہ جامعہ میں حال ہی میں ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے اور عنقریب ایم بی بی ایس کورس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرن شپ اور ایکسٹرن شپ کے لیے ہولی فیملی اسپتال کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وائس چانسلر نے سابق طلبہ سے طبی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ ہر سطح کے کورسز پیش کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مقصد اسے ملک کی نمایاں یونیورسٹیوں میں شامل کرنا ہے، جو اجتماعی کاوش کے بغیر ممکن نہیں۔

Published: undefined

پروگرام کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر ایم افسار عالم (وائس چانسلر، جامعہ ہمدرد) نے کی۔ انہوں نے جامعہ کی تاریخ، مولانا محمد علی جوہر کی جدوجہد اور ادارے کے نصب العین پر روشنی ڈالی اور جامعہ کو بلندیوں تک لے جانے کی اپیل کی۔ انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی سے جڑے تاریخی حوالوں کا ذکر بھی کیا۔

سینئر سابق طالب علم اور اتر پردیش قانون ساز کونسل کے رکن شاہ عالم گڈو جمالی نے اعلان کیا کہ جامعہ میں نئے منصوبوں کے آغاز کی صورت میں وہ اپنی جانب سے اور سابق طلبہ کے تعاون سے 100 کروڑ روپے جمع کریں گے۔ راجیہ سبھا کے رکن جاوید علی خان نے اپریل کے پہلے ہفتے میں اپنے ایم پی فنڈ سے 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور سابق طلبہ کے انتخابات کی بحالی کے ساتھ ساتھ جامعہ اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات کرانے کی اپیل کی۔

Published: undefined

ایم پی مولانا محب اللہ ندوی نے مولانا محمد علی جوہر کی زندگی اور مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کے اہم منصوبوں کے لیے فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی۔ اتر پردیش کے سابق وزیر کمال اختر نے میڈیکل کالج اسپتال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مستقبل میں زمین کی فراہمی کے امکان کا ذکر کیا۔ اوکھلا کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان اور سابق وزیر دہلی عمران حسین نے ادارہ جاتی منصوبوں کے لیے ہر ممکن مالی تعاون کا یقین دلایا اور ایلومنائی کمیٹی کی تشکیل کی حمایت کی۔

پروگرام کا آغاز جامعہ جامع مسجد کے امام مولانا سلیمان قاسمی کی تلاوت سے ہوا۔ فیصل اسلام اور ان کے گروپ نے جامعہ ترانہ پیش کیا۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ممتاز سابق طلبہ کو مولانا محمد علی جوہر ایوارڈ 2025 سمیت اعزازات سے نوازا گیا۔ نظامت سید محمد کاظم اور زبیر احمد نے کی، جبکہ اختتام قومی ترانے پر ہوا۔

Published: undefined