
فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
راجستھان کی راجدھانی جے پور میں پیش آنے والے ایک اور ہولناک حادثہ میں مزدوروں کو لے جا رہی ایک نجی بس میں اچانک آگ لگ گئی، جس میں دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 12 افراد بری طرح جھلس گئے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ بس کے ہائی ٹینشن تار کو چھونے کے سبب جے پور شہر سے 65 کلو میٹر دور منوہر پور علاقے میں رونما ہوا۔ بس میں 5 سے 6 گیس سلنڈر بھی رکھے ہوئے تھے۔ آگ لگنے کے بعد ان گیس سلینڈروں میں دھماکہ ہوا جس سے بس پوری طرح جل کر راکھ ہو گئی۔ زخمیوں میں 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
Published: undefined
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق یہ بس اترپردیش کے مزدوروں کو لے کر شاہ پورہ کے ٹوڈی واقع اینٹ بھٹے کی طرف جا رہی تھی۔ راستے میں اوور ہیڈ سے گزرتے وقت بس 11,000 وولٹ کی الیکٹرک لائن سے ٹکرا گئی جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور بس میں کرنٹ دوڑ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بس میں آگ لگ گئی جس سے مزدوروں میں چیخ پکار مچ گئی۔ کافی مشقت کے بعد محکمہ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پایا۔
Published: undefined
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی منوہر پور پولیس تھانہ کے اہلکار اور انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کردیا اور جھلسنے والے مزدوروں کو شاہ پورہ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہاں سے سنگین طور پر زخمی 5 مزدوروں کو جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال ریفر کردیا گیا۔
Published: undefined
پولیس نے متوفیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مورچری میں رکھوا کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے سامنے آیا ہے کہ بس ڈرائیور کو سڑک کی اونچائی اور اوپر سے گزرنے والی لائن کا اندازہ نہیں تھا جس کی وجہ سے یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ جے پور کے ضلع کلکٹر جتیندر سونی نے جائے وقوعہ پر بتایا کہ یہ بس یوپی کے پیلی بھیت سے آرہی تھی، اس میں تقریباً 65 لوگ سوار تھے۔ اسے جائے حادثہ سے تقریباً 200-300 میٹر دور اینٹ کے ایک بھٹے پر جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو تین لوگ نیچے اترے ڈرائیور کو بتانے کے لئے کہ وہ دھیرے دھیرے آئے کیونکہ بجلی کا تار ہے لیکن اسی دوران تار بس سے چھوگیا۔
Published: undefined
اس دردناک حادثے پر راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ’ایکس‘پوسٹ کے ذریعہ وزیراعلیٰ شرما نے کہا کہ منوہر پور، جے پور میں بس حادثے میں جانی نقصان کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ متعلقہ افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پربھو سے دعا ہے کہ وہ متوفیوں کی روحوں کو اپنی پناہ میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔
Published: undefined
سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے بھی حادثے پر اپنے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے’ ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ منوہر پور، جے پور میں مزدوروں سے بھری بس ہائی ٹینشن لائن چھونے کے بعد آگ کی زد میں آگئی، اس میں دو لوگوں کی موت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبر افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں آئے دن حادثہ ہونے سے عام لوگ اپنی جان گنوارہے ہیں، یہ تشویشناک ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined