قومی خبریں

جے پور میں پالتو کتوں اور بلیوں کا رجسٹریشن لازمی، 30 ستمبر کے بعد 5 ہزار روپے جرمانہ

جے پور میونسپل کارپوریشن نے پالتو کتوں اور بلیوں کا رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ 30 ستمبر تک رجسٹریشن نہ کرانے پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

جے پور: جے پور میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) نے شہر میں پالتو کتوں اور بلیوں کا رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 30 ستمبر تک رجسٹریشن نہ کرانے والے مالکان پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد جے پور کو ریبیز سے پاک شہر بنانا، پالتو جانوروں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا اور ان کا مکمل ریکارڈ تیار کرنا ہے۔

میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کو رجسٹریشن کے لیے دو ماہ کا اضافی وقت دیا ہے۔ جے ایم سی کمشنر اوم کسیرا کے مطابق اس مہم کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ عوامی صحت کے تحفظ اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے پالتو جانوروں کا رجسٹریشن ضرور کرائیں۔

اس سلسلے میں جے پور میونسپل کارپوریشن 2 اگست کو فرینڈشپ ڈے کے موقع پر شہر کے سب سے بڑے ’پیٹ کارنیول‘ کا بھی انعقاد کرے گی۔ اس تقریب میں پالتو جانوروں کی موقع پر رجسٹریشن، مفت اینٹی ریبیز ویکسینیشن، طبی معائنہ اور جانوروں کو گود لینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام سے پالتو جانوروں کے مالکان کو ایک ہی مقام پر تمام ضروری خدمات دستیاب ہوں گی۔

نئے ضوابط کے مطابق ہر پالتو کتے اور بلی کو 3 ماہ کی عمر میں اینٹی ریبیز کا پہلا ٹیکہ لگوانا لازمی ہوگا، جبکہ اس کے بعد ہر سال ویکسینیشن کرانا ضروری ہوگا۔ ویکسینیشن کی تفصیلات پالتو جانوروں کے رجسٹریشن ریکارڈ کا لازمی حصہ ہوں گی۔

کارپوریشن نے پالتو جانوروں کی خرید و فروخت اور افزائش نسل سے وابستہ افراد کے لیے بھی نئے اصول وضع کیے ہیں۔ پالتو جانوروں کی دکانیں چلانے والوں، بریڈرز اور کینل مالکان کے لیے اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا (اے ڈبلیو بی آئی) کے ساتھ رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی کتے یا بلی کو فروخت کرنے یا نئے مالک کے حوالے کرنے سے قبل اس کا میونسپل کارپوریشن کے پاس رجسٹریشن ضروری ہوگا۔

اگر کسی پالتو جانور کی عمر 3 ماہ سے کم ہو تو خریدار کو ایک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا، جس میں اس بات کی تصدیق کرنا ہوگی کہ مقررہ عمر مکمل ہونے پر جانور کو اینٹی ریبیز ویکسین لگوائی جائے گی۔

نئے قوانین کے تحت پالتو جانوروں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو ہر 3 ماہ بعد خریدے اور فروخت کیے گئے جانوروں کی تفصیلات میونسپل کارپوریشن کو فراہم کرنا ہوں گی۔ رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے کے علاوہ جی ایس ٹی مقرر کی گئی ہے، جبکہ سالانہ تجدید فیس 500 روپے کے علاوہ جی ایس ٹی ہوگی۔

30 ستمبر کے بعد رجسٹریشن نہ کرانے والے مالکان کو 5 ہزار روپے تک جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ دیگر ضوابط کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے تک اضافی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، میونسپل حکام کی جانب سے ضبط کیے گئے کتوں کی دیکھ بھال کے لیے روزانہ 100 روپے کی فیس بھی مقرر کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے بیماریوں پر مؤثر کنٹرول، پالتو جانوروں کی بہتر نگہداشت اور شہر بھر میں ان کے انتظام و انصرام کے لیے ایک منظم نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔