میں چاہتا تھا کہ ہماری مضبوط ٹیم پانچوں ونڈے میچ کھیلے: شبھمن گل
ہندوستان جون 2027 میں ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے اور فی الحال چوتھے مقام پر ہے، جبکہ وہ 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

ہندوستان کی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے کہا ہے کہ وہ چاہتے تھے کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ونڈے اور ٹیسٹ میچوں کے درمیان ٹی-20 میچ کھیلے جائیں، تاکہ ہندوستانی ٹیم 5 میچوں کی سیریز کے آخری 2 ونڈے میچوں میں اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتر سکے اور کھلاڑیوں کو 2 میچوں کی اہم ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے بھی کافی وقت مل سکے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کی دوڑ تیز ہونے اور 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ کی تیاریاں زوروں پر ہونے کے درمیان، ٹیسٹ اور ونڈے ٹیموں کے 2 پسندیدہ فارمیٹ ہیں۔ ہندوستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔
ہندوستان جون 2027 میں ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے اور فی الحال چوتھے مقام پر ہے، جبکہ وہ 2027 کے ونڈے ورلڈ کپ کی تیاری بھی کر رہا ہے۔ حالانکہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ونڈے اور ٹیسٹ سیریز ایک کے بعد ایک ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاس دونوں فارمیٹس کے لیے الگ الگ تیاری کرنے کا وقت کم ہے۔
ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ونڈے سیریز کے آخری 2 میچوں کے لیے اپنے چند اہم ٹیسٹ کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ (4 نومبر) سے ونڈے سیریز شروع ہونے سے قبل ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ونڈے اور ٹیسٹ سیریز کے درمیان ٹی-20 میچ کھیلے جائیں، تاکہ ہندوستان اپنی پوری مضبوط ٹیم میدان میں اتار سکے۔
آکلینڈ میں پہلے ونڈے میچ سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گل نے کہا کہ ’’ونڈے اور ٹیسٹ دونوں سیریز بہت اہم ہیں۔ اگر یہ میرے ہاتھ میں ہوتا اور تمام کھلاڑی فٹ ہوتے تو میں چاہتا کہ وہ پوری ونڈے سیریز کھیلیں، لیکن 2 ٹیسٹ میچ بھی بہت اہم ہیں۔ اگر پہلے ونڈے، پھر ٹی-20 اور اس کے بعد ٹیسٹ میچ ہوتے تو ہم اپنی سب سے مضبوط ٹیم کے ساتھ پانچوں ونڈے میچ کھیل سکتے تھے، لیکن ایسا نہیں ہو سکا کیونکہ ونڈے سیریز اور ٹیسٹ میچوں کے درمیان وقفہ بہت کم ہے۔‘‘
ہندوستان کو سیریز کے آخری 2 ونڈے میچوں میں شبھمن گل اور کے ایل راہل سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ ون ڈے سیریز 15 نومبر کو ختم ہوگی، جبکہ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا۔ گل نے کہا کہ دونوں سیریز بہت اہم ہیں، لیکن بدقسمتی سے ونڈے میچ ٹی-20 اور ٹیسٹ سیریز کے درمیان کھیلے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو آخری 2 ونڈے میچوں سے باہر رہنا پڑ رہا ہے۔
گل کی نظریں ڈبلیو ٹی سی فائنل پر بھی ہیں۔ حال ہی میں ختم ہوئی سیریز میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی سی فائنل میں ہندوستان کے پہنچنے کی امیدیں زندہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی گئی سیریز واقعی دلچسپ تھی اور اس نے پوائنٹس ٹیبل کو کافی متوازن بنا دیا ہے۔ امید ہے کہ اگر ہم یہاں ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف اپنی سرزمین پر کھیلتے ہیں تو ہمیں فائنل میں پہنچنے کا موقع مل سکتا ہے۔ ڈبلیو ٹی سی کی صورتحال اب کافی دلچسپ ہو گئی ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
