قومی خبریں

انتخابی اصلاحات کے علمبردار اور اے ڈی آر کے بانی جگدیپ ایس چھوکر کا انتقال، سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار تعزیت

اے ڈی آر کے بانی اور انتخابی شفافیت کے علمبردار پروفیسر جگدیپ ایس چھوکر کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ اہم شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے کام کو جمہوریت کی بڑی خدمت قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>جگدیپ ایس چھوکر / Getty Images</p></div>

جگدیپ ایس چھوکر / Getty Images

 

انتخابی اصلاحات کو نئی سمت دینے والے اور ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کے بانی پروفیسر جگدیپ ایس چھوکر کا آج صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر تقریباً 80 برس تھی۔ چھوکر نے دہائیوں تک انتخابی شفافیت، عوامی شعور اور جمہوریت کے بنیادی اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا۔ ان کی وفات پر ملک بھر کی کئی ممتاز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مشہور وکیل سنجے ہیگڑے نے ایکس پر لکھا، ’’اے ڈی آر کے بانی پروفیسر چھوکر کا انتقال جمہوریت کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کمی ہے۔ انہوں نے ملک کے جمہوری اداروں کو بچانے کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔‘‘؎

Published: undefined

راجیہ سبھا کے رکن اور آر جے ڈی کے رہنما منوج جھا نے کہا، ’’یہ صرف ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ جمہوریت کی وہ آواز خاموش ہوگئی جو شفافیت اور احتساب کے حق میں ہمیشہ گونجتی رہی۔ چھوکر صاحب نے یاد دلایا کہ گندی سیاست صاف جمہوریت کو جنم نہیں دے سکتی۔ ان کا مشن ہمیں نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔‘‘

سینئر صحافی پرنجوئے گوہا ٹھاکرتا نے انہیں ’اے ڈی آر کے پیچھے کی اصل قوت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروفیسر چھوکر نے اصلاحات کی جدوجہد کو عوامی تحریک میں بدل دیا۔

Published: undefined

ملک کے سابق الیکشن کمشنر اور سابق آئی اے ایس افسر اشوک لواسا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’’پروفیسر چھوکر نے انتخابی جمہوریت کے معیار بلند رکھنے میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ اے ڈی آر اور چھوکر جیسے افراد ہی ایک صحت مند جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں، جو طاقت سے سوال کرنے کی جرات رکھتے ہیں۔‘‘

انتخابی تجزیہ کار اور سماجی کارکن یوگنیدر یادو نے انہیں نرم خو، نڈر اور جمہوریت کے سچے سپاہی قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اے ڈی آر کی طرف سے دائر کی گئی تاریخی پی آئی ایل کی بدولت امیدواروں کی مالی اور مجرمانہ پس منظر کی تفصیلات عوام کے سامنے آ سکیں۔ یادو نے مزید کہا کہ چھوکر صاحب نے اپنی آخری خواہش کے مطابق اپنا جسم عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Published: undefined

سال 1944 میں پیدا ہونے والے جگدیپ ایس چھوکر آئی آئی ایم احمد آباد میں پروفیسر رہے۔ تدریس اور تحقیق کے ساتھ انہوں نے پالیسی معاملات پر بھی نمایاں کام کیا۔ 1999 میں انہوں نے پروفیسر تریلوچن شاستری اور اجیت رانے کے ساتھ مل کر اے ڈی آر کی بنیاد رکھی، جس نے انتخابات میں شفافیت اور ووٹروں کے حقِ معلومات کو مرکزی دھارے میں شامل کیا۔

اے ڈی آر نے ان کی قیادت میں کئی اہم قانونی لڑائیاں لڑیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بدولت امیدواروں کی تعلیمی، مالی اور مجرمانہ پس منظر کی تفصیلات عوام کے لیے لازمی قرار دی گئیں۔ اسی طرح ووٹر لسٹ کی درستگی اور شفافیت کے لیے بھی اے ڈی آر نے تحریک چلائی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined