جنک پوری گڑھا حادثہ: متوفی کمل دھیانی کے اہل خانہ سے ملنے پہنچے سوربھ بھاردواج، پولیس نے حراست میں لے لیا
جنک پوری میں گڑھے کے حادثے میں ہلاک کمل دھیانی کے گھر تعزیت کے لیے پہنچنے والے عام آدمی پارٹی کے دہلی صدر سوربھ بھاردواج کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جس پر انہوں نے قانون و نظم پر سوال اٹھائے

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی دہلی کے صدر سوربھ بھاردواج اتوار کو پارٹی رہنماؤں کے ساتھ جنک پوری میں گڑھے کے حادثے میں جان گنوانے والے کمل دھیانی کے گھر تعزیت کے لیے پہنچے، جہاں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ اس کارروائی کے بعد انہوں نے دہلی میں قانون و نظم کی صورت حال پر سخت سوالات اٹھائے۔
حراست میں لیے جانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ قومی راجدھانی میں قانون و نظم پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق جو لوگ مسائل پر آواز اٹھا رہے ہیں، انہیں دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور زمینی سطح پر کوئی مؤثر کام نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ کمل دھَیانی کے اہل خانہ کی مدد کے لیے کوئی سرکاری نمائندہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ان کی شکایت درج کی گئی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ متوفی کے والدین، بھائی اور دیگر رشتہ دار پوری رات چھ تھانوں کے چکر لگاتے رہے، لیکن ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ جب وہ کینڈل مارچ اور تعزیت کے لیے وہاں پہنچے تو 6 تھانوں کی پولیس گاڑیاں اور اضافی نفری موقع پر موجود تھی۔ ان کے بقول اگر ابتدائی مرحلے میں شکایت درج کر لی جاتی تو صورتحال مختلف ہو سکتی تھی۔ انہوں نے اسے زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان انصاف کا منتظر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے جھگی بستی ہو یا بلند عمارتیں، دہلی میں عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شہری سوال اٹھاتے ہیں، انہیں خاموش کرانے کی کوشش ہوتی ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی کی عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور وقت آنے پر مناسب جواب دے گی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ نظام میں عام لوگوں کی شکایات سننے والا کوئی نہیں اور عوام خود کو بے سہارا محسوس کر رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے اس معاملے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔