قومی خبریں

کیا بہار این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں؟ نتیش کی آبادی کے حساب سے ریزرویشن کی مانگ پر بی جے پی غیر متفق

نتیش کمار نے جمعرات کے روز والمیکی نگر کی انتخابی ریلی سے کہا تھا کہ وہ آبادی کی بنیاد پر ریزرویشن کے حامی ہیں۔ دراصل وزیر اعلیٰ نے اس بیان کے ذریعہ انتہائی پسماندہ طبقات کو مائل کرنے کی کوشش کی تھی۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی 

پٹنہ: بہار انتخابات میں این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں چل رہا ہے۔ اس کی مثال اس وقت نظر آئی جب وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک انتخابی ریلی سے مطالبہ کیا کہ ریزرویشن طبقہ کی آبادی کے حساب سے ہونا چاہیے، اگلے ہی دن مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے اس خیال کو مسترد کر دیا۔ نتیش کمار نے جمعرات کے روز والمیکی نگر کی انتخابی ریلی سے کہا تھا کہ وہ آبادی کی بنیاد پر ریزرویشن کے حامی ہیں۔ دراصل وزیر اعلیٰ نے اس بیان کے ذریعہ انتہائی پسماندہ طبقات کو مائل کرنے کی کوشش کی تھی۔

Published: undefined

نتیش کے اس بیان کے اگلے ہی روز روی شنکر پرساد نے کہا کہ بی جے پی کی سوچ واضح ہے کہ ہم آئینی ریزرویشن کے حق میں ہیں اور ہم ایک جامع ہندوستان کا تصور کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے بھی اعلی ذات کے غریب لوگوں کو دس فیصد ریزرویشن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنے کی حامی ہے۔ نامہ نگاروں نے جب ریزرویشن پر ایک اور سوال پوچھا تو روی شنکر پرساد نے کوئی جواب نہیں دیا اور، شکریہ کہہ دیا! دراصل، ریزرویشن کے سوال پر بی جے پی کو اعلی ذات کے ناراض ہونے کا خدشہ ہے۔

Published: undefined

وزیر اعلی اور جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار نے دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ سے قبل آبادی کے حساب سے ریزرویشن کا شوشہ چھوڑ کر نہ صرف اہم اور اپنی حلیف جماعت کو ناراض کرنے والا بیان دیا ہے بلکہ انہوں نے انتخابات میں داؤ بھی کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک آبادی کا تعلق ہے تو مردم شماری کے بعد ہی اس کا فیصلہ کیا جائے گا، یہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا، "آبادی کے حساب سے ریزرویشن دیا جانا چاہیے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ ہم تو چاہتے ہیں۔"

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ طبقات کی آبادی کے مطابق سے اسے اسی مناسبت سے ریزرویشن کا فائدہ ملنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے پہلے کام کرنے کا موقع دیا ہے اور آگے بھی کام کرنے کا موقع دیں گے، تو ہم ترقیاتی کام جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ بی جے پی دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ذات کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کے حق میں نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined