
آئی اے این ایس
نئی دہلی: دہلی سے رانی کملاپتی جانے والی شتابدی ایکسپریس میں مسافروں کو ناشتے کے دوران ایکسپائر بریڈ پیش کیے جانے کے معاملے پر انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) نے متعلقہ کیٹرنگ ایجنسی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ معیار کی جانچ کے باوجود میعاد ختم ہو چکی غذائی اشیا مسافروں تک کیسے پہنچیں۔
یہ واقعہ ٹرین نمبر 12002، دہلی-رانی کملاپتی شتابدی ایکسپریس میں پیش آیا، جہاں 74 مسافروں کو ناشتے کے ساتھ پیک شدہ بریڈ فراہم کی گئی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ان بریڈ پیکٹوں پر استعمال کی آخری تاریخ 10 جولائی 2026 درج تھی، یعنی وہ اپنی معیاد پوری کر چکے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی مسافر تاریخ پر توجہ دینے سے پہلے ہی بریڈ استعمال کر چکے تھے۔
معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک مسافر نے بریڈ کے پیکٹ پر درج تاریخ دیکھی اور دوسرے مسافروں کو بھی اس کی اطلاع دی۔ اس کے بعد متعدد افراد نے اپنے کھانے کے پیکٹ چیک کیے تو ان میں بھی ایکسپائر بریڈ پائی گئی۔ کئی مسافروں نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے شکایات درج کرائیں، جبکہ کچھ افراد نے ایکسپائر بریڈ کے پیکٹوں کی ویڈیوز بنا کر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر بھی شیئر کیں، جس کے بعد معاملہ تیزی سے توجہ کا مرکز بن گیا۔
واقعے کے بعد آئی آر سی ٹی سی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ ادارے نے متعلقہ کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والی ایجنسی پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے اور ابتدائی جانچ میں ذمہ دار پائے جانے والے ملازمین کو فوری طور پر خدمات سے ہٹا دیا گیا ہے۔
آئی آر سی ٹی سی نے مزید کہا کہ کیٹرنگ ایجنسی کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ آئندہ تمام پیک شدہ غذائی اشیا مسافروں کو پیش کرنے سے پہلے ان کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ لازماً چیک کی جائے تاکہ اس طرح کی غفلت دوبارہ پیش نہ آئے۔
ادارے کے مطابق پورے معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نگرانی اور معیار کی جانچ کے نظام کے باوجود ایکسپائر غذائی اشیا ٹرین میں کیسے فراہم کی گئیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید مناسب کارروائی کی جائے گی۔
تاحال دستیاب سرکاری معلومات کے مطابق اس واقعے کے نتیجے میں کسی بھی مسافر کے بیمار ہونے یا صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کی کوئی تصدیق شدہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ آئی آر سی ٹی سی نے کہا ہے کہ وہ ٹرینوں میں معیاری خوراک کی فراہمی اور مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پر پوری طرح قائم ہے اور مستقبل میں ایسی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔