دہلی کی وزیر آتشی / قومی آواز / وپن
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کی سینئر لیڈر اور دہلی کی رخصت پذیر وزیر اعلیٰ آتشی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا ہے کہ وہ وزارتوں کی تقسیم کو لے کر اندرونی کشمکش کا شکار ہے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
جمعہ کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ بی جے پی لیڈران عوامی فنڈز کے لالچ میں وزارتوں کے لیے آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کا منشور محض ایک کاغذی وعدہ تھا، ان کا اسے پورا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنانے کے لیے ایک منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ’’ہمارے ذرائع کے مطابق، بی جے پی حکومت یہ دعویٰ کرے گی کہ دہلی کی موجودہ مالی حالت پچھلی 'عآپ' حکومت کی بدانتظامی کا نتیجہ ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔‘‘
Published: undefined
آتشی نے دہلی حکومت کی مالی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 2014-15 میں دہلی کا بجٹ 31000 کروڑ روپے تھا جو 2024-25 میں بڑھ کر 77000 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’گزشتہ دس برسوں میں دہلی کا بجٹ 2.5 گنا بڑھ چکا ہے اور اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت نے پچھلی کانگریس حکومت کا وراثت میں ملا قرض بھی ادا کر دیا ہے۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے بی جے پی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو فوراً پورا کرے، خاص طور پر خواتین کو 2500 روپے ماہانہ دینے کے اعلان کو نافذ کرے۔
واضح رہے کہ حالیہ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 70 میں سے 48 نشستیں جیتی ہیں جبکہ عام آدمی پارٹی کی سیٹیں 2020 کے 62 کے مقابلے میں گھٹ کر 22 رہ گئی ہیں۔ تاہم، بی جے پی نے تاحال وزیر اعلیٰ اور وزارتی کونسل کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے، جس پر سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں جاری ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined