قومی خبریں

ہندوستان-پاکستان کشیدگی: ایئر انڈیا اور انڈیگو نے کئی شہروں کی پروازیں منسوخ کر دیں

ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے پیش نظر ایئر انڈیا اور انڈیگو نے 13 مئی کو چنڈی گڑھ، لیہ، راجکوٹ، جموں، امرتسر سمیت کئی شہروں کی پروازیں منسوخ کر دیں

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا ایکسپریس /&nbsp; آئی اے این ایس</p></div>

ایئر انڈیا ایکسپریس /  آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر ایئر انڈیا اور انڈیگو نے کئی شہروں کے لیے 13 مئی کی پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ دونوں ایئرلائنز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اس فیصلے سے مسافروں کو آگاہ کیا ہے۔ انڈیگو نے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جموں، امرتسر، چنڈی گڑھ، لیہ، سری نگر اور راجکوٹ جیسی اہم منزلوں کے لیے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

انڈیگو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا، ’’آپ کی سلامتی ہماری ترجیح ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے آپ کے سفر کے منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر یہ قدم ضروری تھا۔ ہماری ٹیم مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی مزید اپ ڈیٹس فراہم کیے جائیں گے۔‘‘

Published: undefined

دوسری جانب ایئر انڈیا نے بھی اپنے ایک بیان میں آٹھ شہروں سے آنے اور جانے والی پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا۔ ان شہروں میں جموں، لیہ، جودھ پور، امرتسر، بھُج، جام نگر، چنڈی گڑھ اور راجکوٹ شامل ہیں۔ ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں کہا، ’’تازہ ترین سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اور مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے 13 مئی کو ان شہروں کی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور مسافروں کو باقاعدگی سے تازہ معلومات فراہم کرتے رہیں گے۔‘‘

نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیصلہ ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب آپریشن سندور کے بعد پاکستان کی اشتعال انگیزی اور جنگ بندی کے باوجود سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کرنے والے اقدامات جاری رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہندوستان کے کئی شہروں پر حملے کی کوشش کی، تاہم ہندوستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔

Published: undefined

دفاعی ماہرین کا خیال ہے کہ موجودہ کشیدگی کے دوران فضائی آمدورفت کو محدود کرنا ایک دانشمندانہ قدم ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ ایئر لائنز کی جانب سے پروازوں کی منسوخی کے اس فیصلے سے مسافروں کو وقتی پریشانی کا سامنا ضرور ہوگا، تاہم ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر سمجھا جا رہا ہے۔

متعلقہ حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی، متاثرہ روٹس پر پروازوں کی بحالی کی جائے گی۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مزید اپ ڈیٹس کے لیے ایئرلائنز کی ویب سائٹس یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نگاہ رکھیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined