وزیر اعظم مودی اور منگولیا کے صدر / آئی اے این ایس
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روحانی اور ثقافتی رشتے کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
نئی دہلی میں منگولیا کے صدر کھریل سُکھ اُکھنا کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ہندوستان اور منگولیا کے تعلقات صرف سفارتی نہیں، بلکہ روحانی اور دوستانہ ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات بدھ مت کی مشترکہ روایت پر قائم ہیں، جو آج بھی دونوں ملکوں کو جوڑتی ہے۔
Published: undefined
وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ ہندوستان منگولیا کے شہریوں کو مفت ای-ویزا فراہم کرے گا اور ہر سال منگولیا سے نوجوان ’کلچرل ایمبیسیڈرز‘ کی ہندوستان آمد کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ باہمی عوامی روابط کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری سرحدیں جڑی نہیں ہیں، لیکن ہم منگولیا کو ہمیشہ ایک قریبی پڑوسی کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ دہائی میں اسٹریٹجک شراکت داری میں زبردست وسعت آئی ہے۔ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ مودی نے اعلان کیا کہ ہندوستان منگولیا کے سرحدی محافظ اداروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرے گا۔
Published: undefined
انہوں نے بتایا کہ اگلے سال بھگوان بدھ کے دو عظیم شاگردوں — سارِپُتر اور مودرلیا-ین — کی پوتر باقیات ہندوستان سے منگولیا بھیجی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان منگولیا کی ’گندن مونیسٹری‘ میں ایک سنسکرت استاد بھی بھیجے گا تاکہ بدھ مت کے متون کا مطالعہ اور قدیم علمی روایات کا فروغ ممکن ہو سکے۔
وزیر اعظم نے نالندہ یونیورسٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نالندہ اور ’گندن مونیسٹری‘ کے درمیان اشتراک سے بدھ مت کے علمی تعلقات کو نئی توانائی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ منگولیا کے آر-کھانگائے صوبے اور لداخ کی خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے درمیان معاہدہ دونوں خطوں کے ثقافتی رشتوں کو مزید گہرا کرے گا۔
Published: undefined
مودی نے کہا کہ عالمی فورمز پر ہندوستان اور منگولیا قریبی شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک آزاد، شفاف، جامع اور قواعد پر مبنی انڈو پیسفک خطے کے حامی ہیں اور گلوبل ساؤتھ کی آواز کو مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’چھ سال بعد منگولیا کے صدر کا دورۂ ہندوستان ہمارے تعلقات کے لیے ایک اہم موڑ ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے روحانی رشتوں کو نئی جہت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined