مرکزی بجٹ 2026: وزیر خزانہ نے غیر ملکی سفر، تعلیم اور علاج پر ٹیکس میں کمی کا کیا اعلان
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں اپنا 9واں مرکزی بجٹ پیش کر رہی ہیں، ٹیکس دہندگان، کسانوں، نوجوانوں اور سرمایہ کاروں کو بجٹ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
مرکزی بجٹ 2026: دفاع سے ٹیکس اور ریل سے صحت تک، بجٹ کی 15 نمایاں باتیں
مرکزی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے یونین بجٹ پیش کرتے ہوئے دفاع، ٹیکس نظام، ریل، صحت، تعلیم اور خواتین کی فلاح سے متعلق کئی اہم اعلانات کیے ہیں۔ بجٹ کی نمایاں جھلکیاں کچھ اس طرح ہیں:
- وزارت دفاع کے لیے 7.8 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت کے مطابق اس میں فوج کی جدید کاری پر خاص توجہ دی گئی ہے، جبکہ 2.19 لاکھ کروڑ روپے صرف سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں۔
- ٹیکس سلیب جوں کے توں رکھے گئے ہیں، تاہم نظرثانی شدہ ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر سے بڑھا کر 31 مارچ کر دی گئی ہے۔
- ملک میں سات نئے تیز رفتار ریل راستوں کی تجویز دی گئی ہے، جن میں ممبئی–پونے، دہلی–وارانسی اور چینئی–بنگلورو جیسے روٹس شامل ہیں۔
- تقریباً 800 اضلاع میں لڑکیوں کے لیے ہاسٹل بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے، ہر ضلع میں کم از کم ایک ہاسٹل تجویز کیا گیا ہے۔
- کینسر کی 17 اور نایاب بیماریوں کی 7 دواؤں کو درآمدی ڈیوٹی سے مکمل چھوٹ دی گئی ہے۔
- پانچ لاکھ سے زائد آبادی والے چھوٹے شہروں کی ترقی کے لیے 12.2 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
- 5 ہزار اسکولوں اور 500 کالجوں میں ڈیجیٹل مہارت بڑھانے کے لیے خصوصی لیب قائم کرنے کی تجویز ہے۔
- حکومت نے تین آیورویدک ایمس اور پانچ علاقائی میڈیکل ٹورزم ہب قائم کرنے کی بات کہی ہے۔
- یہی خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباروں کے لیے خصوصی مارکیٹس شروع کی جائیں گی۔
- کھیلو انڈیا کو اگلے دس برسوں کے لیے وسعت دینے، تربیتی مراکز اور مقابلوں کے انعقاد کی تجویز ہے۔
- پانچ میڈیکل ہب میں آیوش مراکز، تشخیصی سہولتیں اور بحالی مراکز قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔
- موٹر حادثات کے معاوضے کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے، نیا انکم ٹیکس قانون 2026 سے نافذ کرنے اور بیرونِ ملک دوروں، تعلیم و علاج پر ٹیکس کم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
- اروناچل پردیش، آسام، سکّم، میزورم اور تریپورہ میں بدھ سرکٹ اور ٹراما کیئر مراکز بنانے کی تجویز ہے۔
- آیورویدک مصنوعات کی برآمدات بڑھانے، صحت کے ماہرین اور کیئرگیورز تیار کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔
- حکومت کے مطابق بجٹ میں سی این جی اور بایو گیس کی قیمتیں کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے صارفین کو راحت ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
مرکزی بجٹ 2026: وزیر خزانہ نے غیر ملکی سفر، تعلیم اور علاج پر ٹیکس میں کمی کا کیا اعلان
آج یکم فروری کو پارلیمنٹ میں وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے مرکزی بجٹ 2025-26 پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سفر، تعلیم اور طبی علاج کے معاملات میں ٹیکس کلیکٹڈ ایٹ سورس (ٹی سی ایس) کی شرح کم کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد متعلقہ اخراجات کے ٹیکس ڈھانچے کو آسان بنانا ہے۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ 17 اینٹی کینسر ادویات اور نایاب بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دواؤں کو کسٹمز ڈیوٹی سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، تاکہ ادویات کی دستیابی میں سہولت ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو غیر ملکی شہری ہندوستان میں مقیم ہیں، ان کی بیرونِ ملک ہونے والی آمدنی پر ٹیکس نہ لگانے کی تجویز بجٹ میں شامل ہے۔
دفاعی شعبے کے حوالے سے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نے دفاعی وزارت کے لیے 7.8 لاکھ کروڑ روپے کے بجٹ کی تجویز پیش کی ہے۔ انکم ٹیکس سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس سلیبس میں کوئی تبدیلی تجویز نہیں کی گئی اور نہ ہی انکم ٹیکس چھوٹ کا اعلان بجٹ کا حصہ ہے۔
سرمایہ جاتی اخراجات کے بارے میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں اسے بڑھا کر 12.2 لاکھ کروڑ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق ایم ایس ایم ای، ہائی اسپیڈ ریل، بایوفارما، سیمی کنڈکٹر، آیوش اداروں اور میڈیکل ٹورزم ہبس جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے لیے کثیر لسانی اے آئی ٹول اور چھوٹے ٹیکس دہندگان کے لیے خودکار نظام متعارف کرانے کی بات بجٹ میں رکھی گئی ہے۔ اسی طرح NIMHANS 2.0 اور تمل ناڈو–آندھرا پردیش سرحد پر برڈ واچنگ ٹرین سے متعلق تجاویز بھی بجٹ دستاویز کا حصہ ہیں۔
نرملا سیتارامن نے اپنی بجٹ تقریر ختم کی
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایماندار ٹیکس دہندگان جو اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں وہ اضافی رقم ادا کر سکتے ہیں، کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ہم بجٹ تقریر ختم کرتے ہیں۔
کینسر سے متعلق 17 ادویات پر رعایت کا اعلان
وزیر خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ کینسر سے وابستہ 17 ادویات پر رعایت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 7 مزید نایاب بیماریوں کی ادویات اور مخصوص طبی مقاصد کے لیے ان کی درآمد پر بھی رعایت ملے گی۔
بجٹ میں خواتین کے لیے بڑا اعلان
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے خواتین کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایس ایچ ای (سیلف ہیلپ انٹرپرینیور) مارٹس کو کمیونٹی کی ملکیت والی ریٹیل دکانوں کے طور پر قائم کیا جائے گا، تاکہ خاتون کاروباریوں کی مدد کی جا سکے۔
’کھیلو انڈیا‘ مشن کا اعلان
وزیر خزانہ نے کھیلوں کے شعبے میں تبدیلی لانے کے لیے 'کھیلو انڈیا' مشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انکم ٹیکس کے حوالے سے بڑا اعلان
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے نئے انکم ٹیکس کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس فارم کو آسان بنایا جائے گا۔ نیا قانون یکم اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس قانون میں تکنیکی غلطیوں کو جرمانے میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔ معمولی ٹیکس کے جرائم پر صرف جرمانے عائد ہوں گے۔ غیر ملکی سفر پر ٹیکس کم کیا جائے گا۔ غیر ملکی سفر کے لیے ٹی سی ایس کی شرح 5 فیصد تک کم کر دی گئی ہے۔ ریٹرن 31 جولائی تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ اس قانون میں غیر اعلانیہ آمدنی کو ایک کروڑ روپے تک محدود کرنے کی تجویز بھی ہے۔
ریاستوں کو 1.4 لاکھ کروڑ روپے ملیں گے: وزیر خزانہ
16ویں مالیاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کر دی۔ ان کا مشورہ قبول کر لیا گیا ہے۔ ہم 2026-27 میں ریاستوں کو 1.4 لاکھ کروڑ روپے مختص کر رہے ہیں، جس میں دیہی اور شہری علاقوں میں ترقی کے لیے فنڈز شامل ہیں۔
ملک کے ہر ضلع میں گرلز ہاسٹل بنائے جائیں گے
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اعلان کیا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے ہر ضلع میں لڑکیوں کے ہاسٹل بنائے جائیں گے۔
ملک میں 3 نئے ایمس کا اعلان
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 3 نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
کھیل اور کھلاڑی کو فروغ دیں گے
نرملا سیتارمن نے کہا کہ ان کی حکومت کھیل اور کھلاڑی کے لئے اچھا ماحول پیدا کرے گی یعنی وہ کھیلوں کو فروغ دے گی۔
پانچ علاقائی طبی مرکز بنانے کا اعلان
حکومت نے پانچ علاقائی میڈیکل ہب قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ طبی تربیت اور تحقیق پر توجہ دیں گے، اور طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کریں گے۔ یہ مرکز صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے مختلف مواقع پیدا کریں گے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 3 نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یعنی اے آئی آئی ایم ایس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
نرملا سیتارمن نے مصنوعی ذہانت پر زور دیا
نرملا سیتارمن نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے کام کیا ہے اور حکومت نے بہت سوچی سمجھی پالیسی پر کام کیا ہے۔ حکومت نے بے روزگاری دور کرنے کے لئے قدم اٹھائے جس کی وجہ سے سب کا ساتھ اور سب کی ترقی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مصنوئی ذہانت کےاستعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
نوجوانو ں کو بجٹ سفارشات وقف کیں
نویں مرتبہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بجٹ سفارشات پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ گزشتہ بارہ سالوں سے معاشی ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کا خاص خیال رکھا اور حکومت نے ملک میں غریبی ہٹانے کے لئے کام کیا ہے۔
بجٹ 2026: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پیش کر رہی ہیں بجٹ
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ میں اپنا 9واں مرکزی بجٹ پیش کر رہی ہیں، ٹیکس دہندگان، کسانوں، نوجوانوں اور سرمایہ کاروں کو بجٹ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔