
علامتی تصویر / اے آئی
سونا اور چاندی خریدنے والوں کے لیے گزرا ہفتہ قیمتوں کے لحاظ سے کافی اہم رہا۔ ’ایم سی ایکس‘ سے لے کر گھریلو بازار تک دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی۔ جہاں چاندی کی قیمت میں فیوچر ٹریڈنگ میں 9151 روپے فی کلو کی کمی آئی، وہیں گھریلو بازار میں اس کی قیمت 11521 روپے تک گر گئی۔ دوسری جانب 24 کیرٹ سونے کی قیمت بھی 5 کاروباری دنوں میں گھریلو بازار میں 3975 روپے فی 10 گرام نیچے آ گئی۔
سب سے پہلے ’ایم سی ایکس‘ پر چاندی کی قیمت دیکھیں تو 4 دسمبر کی ایکسپائری والی ایک کلو چاندی 25 ستمبر کو 234696 روپے پر بند ہوئی تھی۔ گزشتہ جمعہ کے روز اس کی قیمت گر کر 25545 روپے فی کلو پر بند ہوئی۔ یعنی محض 5 کاروباری دنوں میں ’ایم سی ایکس سلور پرائز‘ میں 9151 روپے فی کلو کی گراوٹ آئی۔ اس گراوٹ کے بعد چاندی لائف ٹائم ہائی سے بھی کافی نیچے آگئی ہے۔ اس سال جنوری کے آخری ہفتے میں چاندی کی فیوچر قیمت تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 420048 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ جمعہ کی اختتامی قیمت سے موازنہ کریں تو ’ایم سی ایکس‘ پر چاندی اب اس ریکارڈ سطح سے 194503 روپے فی کلو سستی ہو چکی ہے۔
انڈین بلین جیولرز ایسوسی ایشن یعنی ’آئی بی جے اے‘ کی ویب سائٹ کے مطابق گھریلو بازار میں چاندی کی قیمت 5 کاروباری دنوں میں 232350 روپے سے گر کر 220829 روپے فی کلو رہ گئی۔ اس طرح گھریلو بازار میں چاندی 11521 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے۔ چاندی کی طرح سونے کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ درج کی گئی۔ ’ایم سی ایکس‘ پر 4 دسمبر کی ایکسپائری والے 10 گرام 24 کیرٹ سونے کی قیمت 25 ستمبر کو 153277 روپے پر بند ہوئی تھی، جو گزشتہ جمعہ کے روز گر کر 150250 روپے رہ گئی۔ یعنی ’ایم سی ایکس گولڈ ریٹ‘ میں 5 کاروباری دنوں میں 3027 روپے فی 10 گرام کی کمی آئی۔
گھریلو بازار میں بھی سونے کی قیمت 152113 روپے سے پھسل کر 148138 روپے فی 10 گرام رہ گئی۔ اس حساب سے سونا 3975 روپے فی 10 گرام سستا ہوا ہے۔ آئی بی جے اے کی جانب سے اپڈیٹ کی گئی قیمتیں ملک بھر میں یکساں رہتی ہیں، لیکن صرافہ دکان سے زیورات خریدتے وقت 3 فیصد جی ایس ٹی کے ساتھ میکنگ چارج بھی ادا کرنا ہوتا ہے، جس سے صارفین کے لیے حتمی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔