ممبئی: ’اے آئی‘ نے دکھایا کمال، کنسرٹ میں ڈرگز لینے والوں کی نشاندہی کی، ایک خاتون سمیت 12 افراد کے خلاف کیس درج
پہلے منشیات استعمال کیے جانے کا شق ہونے پر نمونوں کو لیباریٹری بھیجنا پڑتا تھا اور رپورٹ کے لیے کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اے آئی سے مزین وین کے ذریعہ یہ مشکل دور ہو گئی ہے۔

ممبئی پولیس نے مہالکشمی ریس کورس میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران منشیات (ڈرگز) استعمال کرنے کے الزام میں 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ 11 افراد نے گانجا استعمال کیا تھا، جبکہ ایک شخص نے کوکین کا نشہ کیا تھا۔ یہ کارروائی گزشتہ اتوار کو کی گئی۔
کارروائی ورلی ریس کورس میں پولیس کی نئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس موبائل فارنسک وین تعینات کیے جانے کے بعد کی گئی ہے۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ پہنچے تھے۔ کنسرٹ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے پولیس نے یہ پہل شروع کی ہے۔ گزشتہ ہفتہ کے روز ہی وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس موبائل یونٹ کا افتتاح کیا تھا۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ پولیس موقع پر ہی فوری طور پر منشیات کی جانچ کر سکتی ہے۔ یعنی اے آئی کے استعمال سے منشیات پر قدغن لگانے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔
قبل میں منشیات استعمال کیے جانے کا شق ہونے پر نمونوں کو لیباریٹری بھیجنا پڑتا تھا اور رپورٹ کے لیے کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اے آئی سے مزین وین کے ذریعہ یہ مشکل دور ہو گئی ہے۔ اس وین میں جدید جانچ مشینوں اور اے آئی کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ مشینیں جسمانی رطوبتوں اور مشتبہ نشہ آور اشیا کی جانچ کر سکتی ہیں۔ اے آئی کی مدد سے جانچ کے نتائج جلد مل جاتے ہیں، جس سے پولیس فوری کارروائی کر سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں گزشتہ ایک سال کے دوران کئی میوزک کنسرٹس میں منشیات کی زیادہ مقدار لینے سے اموات کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اپریل میں نیسکو ایگزیبیشن سینٹر میں ایک پروگرام کے دوران منشیات کی زیادہ مقدار لینے کے شبہ میں 2 نوجوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ ایک دیگر نوجوان کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔ علاوہ ازیں جون میں ورلی کے این ایس سی آئی ڈوم میں ٹیکنو کنسرٹ کے دوران 28 سالہ ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ پوسٹ مارٹم اور ٹاکسیکولوجی رپورٹ میں اس کے جسم میں ایم ڈی ایم اے منشیات کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔ کنسرٹ کے مقام کے بالکل باہر ایسی موبائل جانچ وین تعینات کرنے کا مقصد منشیات استعمال کرنے والوں کو روکنا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
