مدھیہ پردیش: بالاگھاٹ کے گرلس ہاسٹل میں بھوتوں کا خوف، 35 طالبات نے راتوں رات چھوڑا ہاسٹل

پرنسپل ڈی ایس واڑی وے کا کہنا ہے کہ ایک طالبہ کی طبیعت خراب ہونے پر اہل خانہ کی موجودگی میں اس کا علاج کرایا گیا۔ کچھ طالبات کو ان کے اہل خانہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>
i

مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ میں موجود لڑکیوں کے ایک ہاسٹل میں بھوت پریت کا ایسا خوف پھیل گیا ہے کہ ایک تقریباً 35 طالبات ہاسٹل چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہو چکی ہیں۔ طالبات کا دعویٰ ہے کہ ہاسٹل میں رات ہوتے ہی دروازے کھٹکھٹانے کی آوازیں آتی ہیں، عجیب و غریب واقعات پیش آتے ہیں اور اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے لگتی ہے۔ خوف اس قدر بڑھ گیا ہے کہ طالبات اپنا سامان سمیٹ کر رات ہی میں گھر واپس جانے لگیں۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ طالبات کی شکایت پر ہاسٹل میں ایک بابا کو بلا کر لیموں کاٹنے اور تانترک رسومات انجام دینے کی باتیں بھی سامنے آئی ہیں۔ آخر ہاسٹل میں ایسا کیا ہو رہا ہے جس سے طالبات خوف زدہ ہیں؟ یہ معاملہ بالاگھاٹ ضلع کے عام گاؤں میں واقع ساندیپنی اسکول کے احاطے میں قائم لڑکیوں کے ہاسٹل کا ہے۔ یہاں رہنے والی طالبات کے درمیان اچانک بھوت پریت کا خوف پھیل گیا۔ کچھ طالبات نے عجیب و غریب آوازیں سنائی دینے اور رات میں دروازہ کھٹکھٹانے کی شکایت کی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ لڑکیوں کی طبیعت خراب ہونے اور ان کے غیر معمولی رویہ اختیار کرنے کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہاسٹل میں خوف کا ماحول اس قدر پھیل گیا کہ طالبات اپنا سامان لے کر باہر نکلنے لگیں۔ کوئی اپنے والدین کے ساتھ گھر چلی گئی تو کوئی اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کے ساتھ ہاسٹل چھوڑ کر چلی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب تک تقریباً 35 طالبات ہاسٹل چھوڑ چکی ہیں۔

طالبات کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مسئلے کی اطلاع پرنسپل اور ہاسٹل کی وارڈن کو بھی دی تھی۔ اس کے بعد ہاسٹل میں کسی بیگا پنڈا یعنی بابا کو بلانے اور لیموں کاٹ کر تانترک رسومات انجام دینے کی بات سامنے آئی ہے۔ پرنسپل ڈی ایس واڑی وے کا کہنا ہے کہ ایک طالبہ کی طبیعت خراب ہونے پر اہل خانہ کی موجودگی میں اس کا علاج کرایا گیا۔ کچھ طالبات کو ان کے اہل خانہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ انہوں نے ہاسٹل میں بھوت پریت جیسی کسی بھی بات سے انکار کیا ہے اور تقریباً 25 طالبات کے ہاسٹل چھوڑنے کی اطلاع دی ہے۔ اب طالبات کے دعوؤں اور پرنسپل کے بیان کے درمیان کئی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔