شیبو سورین (فائل) / آئی اے این ایس
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا ایم پی شیبو سورین کا آج صبح انتقال ہو گیا۔ انہوں نے دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ 81 سال کے تھے۔ یہ اطلاع سر گنگا رام اسپتال میں نیفرولاجی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر اے۔ کے۔ بھلّا نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح 8.56 بجے شیبو سورین کا انتقال ہوا۔
Published: undefined
ڈاکٹر اے۔کے۔ بھلا نے بتایا کہ زیادہ عمر ہونے اور بائی پاس سرجری کی وجہ سے شیبو سورین کی صحت ٹھیک ہونے میں وقت لگ رہا تھا۔ ساتھ ہی وہ ڈائبٹک بھی تھے۔ ان کو گردے اور پھیپھڑے کی طویل عرصے سے بیماری تھی۔ حال ہی میں انہیں ’برین اسٹروک‘ بھی آیا تھا، اس کی وجہ سے ان کی طبیعت مسلسل بگڑتی جا رہی تھی۔
Published: undefined
والد کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا، ’’معزز دِشوم گرو جی ہم سبھی کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ آج میں صفر ہو گیا ہوں...‘‘۔
Published: undefined
واضح رہے کہ جسم کے حصے میں برین اسٹروک ہونے سے پیرالائسس کی شکایت کے بعد قد آور رہنما شیبو سورین کو سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تبھی سے وہ اسپتال میں آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ اس کی وجہ سے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ اور ان کے بیٹے ہیمنت سورین تقریباً ایک ہفتے سے دہلی میں ہی رکے ہوئے تھے۔
Published: undefined
شیبو سورین کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال میں رہنماؤں کا آنا جانا لگا ہوا تھا۔ لیکن جھارکھنڈ کے اس عظیم رہنما نے اب آخری سانس لے لی ہے۔ ان کے انتقال سے جھارکھنڈ اور سیاسی دنیا کو ایک گہرا جھٹکا لگا ہے۔ انہوں نے اپنا ایک عظیم رہنما کھو دیا ہے۔ شیبو سورین کے انتقال پر کئی سیاسی رہنماؤں نے اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
Published: undefined
عظیم قبائلی رہنما شیبو سورین نے 38 برسوں سے زیادہ وقت تک جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت کی۔ جھارکھنڈ ریاست کے لیے انہوں نے طویل وقت تک تحریک چلائی اور تین مرتبہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ بنے۔ پہلی بار 2 مارچ 2005 کو وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لیا، لیکن اکثریت ثابت نہیں کرنے کے سبب 12 مارچ 2005 کو ہی استعفیٰ دینا پڑا۔ پہلی بار وہ 10 دن کے وزیر اعلیٰ رہے۔ دوسری بار 27 اگست 2008 کو وہ وزیر اعلیٰ بنے اور 19 جنوری 2009 تک اس عہدے پر رہے۔ تیسری بار 30 دسمبر 2009 کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا اور یکم جون 2010 تک رہے۔
Published: undefined
شیبو سورین 8 مرتبہ لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ تین مرتبہ راجیہ سبھا ایم پی کی بھی انہوں نے ذمہ داری سنبھالی۔ مرکزی وزیر کے طور پر بھی انہوں نے ملک کو اپنی خدمات دیں۔ شیبو سورین جھارکھنڈ کی سیاست کی سب سے بڑی شخصیت رہے اور ملک کی سیاست میں بھی ان کا خوب بول بالا رہا۔ جھارکھنڈ میں انہیں ’دِشوم گرو‘ (ملک کا گرو) کہہ کر پکارا جاتا رہا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined