قومی خبریں

کسان تحریک: ’’جب کرنی ہی ہے منمانی، تو کیوں بلاتے ہو بے معنی‘‘

کسان تحریک / تصویر آئی اے این ایس
کسان تحریک / تصویر آئی اے این ایس 

جب کرنی ہی ہے منمانی، تو کیوں بلاتے ہو بے معنی:ُ اکھلیش یادو

مودی حکومت کے ذریعہ بار بار کسان لیڈروں کو میٹنگ میں بلانے اور کوئی حل نہ نکلنے پر سماجوادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو نے شدید حملہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’جب کرنی ہی ہے منمانی، تو کیوں بلاتے ہو بے معنی۔‘‘ دراصل اب تک مودی حکومت اور کسان لیڈروں کے درمیان 9 میٹنگیں ہو چکی ہیں اور زرعی قوانین واپسی کو لے کر کوئی بھی فیصلہ نہیں لیا جا سکا ہے۔ اسی لیے اکھلیش یادو نے سوال کیا ہے کہ ’’یہ مذاکرہ ہے یا بی جے پی کا نیا جملہ۔‘‘ ساتھ ہی اکھلیش یادو نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت جب تک کارپوریٹ کے لیے کارپیٹ بچھاتی رہے گی، تب تک سڑکوں پر بیٹھے کسانوں کے مفاد میں فیصلہ نہیں آنے والا۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

مودی حکومت کی اَنا جلد ٹوٹے گی: پرینکا گاندھی

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ بہت جلد مودی حکومت کی انا ٹوٹ جائے گی۔ ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے ’’ملک کی آزادی کی حفاظت کسانوں نے کی ہے۔ جس دن ملک کی فوڈ سیکورٹی چلی جائے گی اس دن ملک کی آزادی چلی جائے گی۔ یہ ملک پر حملہ ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’ایک طرف نریندر مودی اور ان کے 3-2 ارب پتی دوست ہیں، دوسری طرف ہندوستان اور اس کے کسان ہیں۔ ان کی (مودی حکومت کی) انا جلد ٹوٹے گی۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

ہم سپریم کورٹ کی کمیٹی کے سامنے نہیں جائیں گے: راکیش ٹکیت

مودی حکومت اور کسان لیڈروں کے درمیان آج ہوئی میٹنگ کے بعد بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے میڈیا کو بتایا کہ ’’حکومت سے ہماری بات چیت ہو رہی ہے اور ہمارے دو ہی پوائنٹس ہیں۔ تینوں زرعی قوانین واپس لیے جائیں اور ایم ایس پی پر بات کی جائے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم عدالت کی کمیٹی کے پاس نہیں جائیں گے، ہم حکومت سے ہی بات کریں گے۔‘‘ ایک دیگر کسان لیڈر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’آج کی میٹنگ میں بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ نہ زرعی قوانین کی واپسی پر حکومت تیار ہوئی اور نہ ہی ایم ایس پی پر کوئی پیش رفت ہوئی۔ 19 جنوری کو ایک بار پھر سے دونوں فریقین کی ملاقات ہوگی۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

حکومت-کسان لیڈران کی میٹنگ ختم، تین دن بعد پھر ہوگی بات چیت

زرعی قوانین پر دہلی حکومت اور کسان تنظیموں کے مابین دہلی کے وگیان حکومت میں ہونے والی نویں دور کی بات چیت ختم ہو گئی ہے۔ دونوں فریقین کے مابین اب اگلے دور کی بات چیت 19 جنوری کو ہوگی۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

کسانوں اور حکومت کے درمیان نویں دور کی بات چیت بھی بے نتیجہ رہنے کے آثار

حکومت اور کسانوں کے درمیان نئے زرعی قوانین پر تعطل ہنوز برقرار ہے۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ہم تینوں قوانین کو واپس نہیں لیں گے، ترمیم کرنے کو تیار ہیں۔ جبکہ کسانوں کا سخت رُخ برقرار ہے اور ان کا کہنا ہے کہ تینوں قوانین واپس کرنے ہی پڑیں گے اس کے علاوہ سب کچھ ناقابل قبول ہوگا۔

اجلاس کے دوران وزیر زراعت کی طرف سے کسانوں کو بتایا گیا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر کسان قانون کے حق میں ہیں جبکہ کسانوں نے کہا کہ اس کے باوجود ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ وزیر زراعت کے علاوہ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے بھی کسانوں کو زرعی قوانین کے فائدے گنائے۔

کسانوں نے پنجاب میں آڑھتیوں پر کی گئی چھاپہ ماری اور ہریانہ میں کسانوں کے خلاف کارروائی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اس طرح کے تمام مقدمات کو واپس لیا جانا چاہئے۔ میٹنگ میں لنچ کے بعد ایم ایس پی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

کھانے کے وقفہ کے لئے رکی بات چیت

دہلی کے وگیان بھون میں کسانوں اور حکومت کے مابین جاری بات چیت کھانے کے وقفہ کی وجہ سے کچھ وقت کے لئے روک دی گئی ہے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

حکومت نے کئی باتیں مانیں، کسان ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھے، وزیر زراعت کا شکوہ

دہلی کے وگیان بھون میں بات چین کے دوران مرکزی وزیر زراعت نے کسانوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کئی باتوں کو قبول کیا ہے لیکن کسان ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھے ہیں۔ بات چیت میں موجود ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے بھی کسانوں کو سمجھایا اور ایف سی آئی پر معلومات فراہم کی۔ تاہم کسان اپنے مطالبات پر بضد ہیں اور زرعی قوانین کی واپسی کے علاوہ کوئی بات ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

وگیان بھون میں 9ویں دور کی بات چیت جاری، کسانوں نے پھر ٹھکرائی حکومت کی تجویز

حکومت اور کسان لیڈران کے مایبن 9ویں دور کی بات چیت دہلی کے وگیان بھون میں جاری ہے۔ بات چیت کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی کسانوں نے حکومت کی تجویز کو ایک مرتبہ پھر یکسر مسترد کر دیا ہے۔ کسانوں کو مطالبہ ہے کہ حکومت تینوں زرعی قوانین کو واپس لے۔

دوسری طرف سکھ فار جسٹس تنظیم کی جانب سے چیف جسٹس بوبڑے کو خط لکھ کر اپیل کی گئی ہے کہ 26 جنوری کو مجوزہ ٹریکٹر ریلی نکالنے سے کسانوں کو نہ روکا جائے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

کسانوں اور حکومت کے مابین نویں دور کی بات چیت شروع

دہلی کے وگیان بھون میں کسان لیڈران اور حکومت کے مابین نویں دور کی بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے کسان تحریک اور زرعی قوانین کے حوالہ سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ دونوں فریقین میں بات چیت ہو رہی ہے۔ کمیٹی کے ایک رکن بھوپندر سنگھ مان نے گزشتہ روز کمیٹی سے علیحدگی اختیار کرنے اور کسانوں کی حمایت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

سپریم کورٹ کہےگا تو ٹریکٹر ریلی واپس لے لیں گے: ٹکیت

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کہے گا تو کسان اپنی یوم جمہوریہ والی ٹریکٹر پریڈ کو واپس لے لیں گے۔ خیال رہے کہ کسانوں نے 26 جنوری کے دن دہلی کی سڑکوں پر ٹریکٹر پریڈ نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ کسانوں نے دہلی کی سرحدوں سے لال قلعہ تک پریڈ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر وگیان بھون پہنچے

زرعی قوانین پر کسان لیڈران سے بات چیت کے لئے مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر وگیان بھون پہنچ گئے ہیں۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

حکومت سے بات چیت کے لئے وگیان بھون پہنچے کسان لیڈران

نئے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسان تنظیموں کے عہدیدار حکومت سے نویں دور کی بات چیت کے لئے دہلی کے گیان بھون پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر بی کے یو کے ترجمان راکیش ٹکیت نے کہا، ’’حکومت کو تینوں قوانین کو منسوخ اور ایم ایس پی کے لئے قانون سازی کرنی ہی ہوگی۔ بصورت دیگر کسانوں کی تحریک لگاتار جاری رہے گی اور مظاہرین گھر واپس نہیں لوٹیں گے۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

کسانوں اور حکومت کے مابین 12بجے شروع ہوگی

کسان تنظیموں اور حکومت کے مابین دوپہر 12 بجے دہلی کے وگیان بھون میں ملاقات ہوگی جس میں نویں دور کی بات چیت کی جائے گی۔ کسان لیڈران سنگھو بارڈر سے کچھ دیر میں وگیان بھون کے لئے روانہ ہوں گے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

آپ بھی ستیہ گرہ کاحصہ بنئے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹر کیا، ’’ملک کے انداتا اپنے حقوق کے لئے متکبر مودی حکومت کے خلاف ستیہ گرہ کر رہے ہیں۔ آج پورا بھارت کسانوں پر ظلم و ستم اور پٹرول اور ڈیزل کے بڑھتے داموں کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے۔ آج بھی جڑیئے اور اس ستیہ گرہ کا حصہ بنئے۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

سپریم کورٹ کی کمیٹی پر تنازعہ جاری

حکومت اور کسانوں کے درمیان آج کی بات چیت سپریم کورٹ کی جانب سے کمیٹی تشکیل دئے جانے کے بعد ہونے جا رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مسئلہ کا حل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے زرعی قوانین کے نفاذ پر روک لگا دی تھی۔ تاہم، عدالت نے جو چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں سے ایک رکن بھوپندر سنگھ مان نے خود کے کمیٹی سے علاحدہ ہونے کا اعلان کر دیا اور کسانوں کی حمایت کی ہے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

کانگریس آج کرے گی ملک گیر احتجاج

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں آج کانگریس پارٹی کسانوں کے حق میں احتجاج کرے گی۔ کانگریس کی جانب سے تمام ضلع دفاتر پر مظاہرہ کیا جائے گا۔ دہلی میں اس کی کمان راہل گاندھی کے ہاتھ میں ہوگی۔ راہل گاندھی نے گزشتہ روز تمل ناڈدو کا دورہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہاں کہا تھا، ’’میری بات یاد رکھنا کہ حکومت کو زرعی قوانین کو واپس لینے پر مجبور ہونا پڑے گا۔‘‘

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

حکومت اور کسانوں کے مابین نویں دور کی بات چیت

کسان تنظیموں اور حکومت کے درمیان آج نویں دو کی بات چیت ہونی ہے۔ گزشتہ کئی تمام ادوار کی بات چیت میں حکومت کی جانب سے بارہا ترمیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاہم کسان تنظیمیں چاہتی ہیں کہ قوانین کو مکمل طور پر واپس لیا جائے۔ حکومت اور کسانوں کے مابین تعطل کے درمیان سپریم کورٹ نے اس معاملہ پر کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد آج پہلی مرتبہ بات چیت ہونے جا رہی ہے۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Jan 2021, 9:02 AM IST