
مشہور و معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی طبیعت ایک بار پھر انتہائی ناساز ہو گئی ہے۔ ان کی حالت کو ڈاکٹرس سنگین بتا رہے ہیں اور انھیں ونٹلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ لتا منگیشکر کا آئی سی یو میں علاج چل رہا ہے اور ڈاکٹرس کی سخت نگرانی میں ہیں۔ یہ جانکاری بریچ کینڈی اسپتال کے ڈاکٹر پرتیت سمدانی نے دی ہے۔ یہ خبر سامنے آنے کے بعد لتا منگیشکر کے چاہنے والوں اور بالی ووڈ سے جڑی ہستیوں نے ان کی بہتر صحت کے لیے دعائیں مانگنی شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ 11 جنوری کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ لتا منگیشکر کورونا پازیٹو ہیں۔ اس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے کنبہ کی طرف سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ لتا منگیشکر میں کورونا کی ہلکی علامت ہے۔ انھوں نے بتایا تھا کہ ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے تاکہ ان کی ٹھیک سے دیکھ بھال کی جا سکے۔ تب سے لتا منگیشکر اسپتال میں ہی داخل ہیں۔ ڈاکٹروں نے کئی بار یہ اطلاع دی کہ وہ خطرے سے باہر ہیں اور جلد ہی اسپتال سے گھر منتقل ہو سکتی ہیں۔ لیکن اب ایک بار پھر ان کی طبیعت بگڑنے سے لوگوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔