قومی خبریں

بغیر شور شرابہ کے دھرمیندر کی آخری رسومات ادا، صرف اہل خانہ اور بالی ووڈ ہستیاں رہیں موجود

بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمیندر کا علاج ان کے جوہو واقع گھر پر چل رہا تھا۔ پیر کی دوپہر ان کے بنگلہ میں اچانک سے سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جس سے علاقہ میں ہلچل مچ گئی اور پھر موت کی خبر گردش کرنے لگی۔

<div class="paragraphs"><p>دھرمیندر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

دھرمیندر، تصویر سوشل میڈیا

 

بالی ووڈ کے سُپر اسٹار اور ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر کے انتقال نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ان کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کی آخری رسومات آج بغیر کسی شور شرابہ کے ممبئی واقع وِلے پارلے میں ادا کر دی گئیں۔ 6 دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں سرگرم رہنے والے دھرمیندر نے کئی فلموں میں کام کیا اور مداحوں کو محظوظ کیا۔ اداکار گزشتہ کافی عرصہ سے بیمار تھے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ دھرمیندر کا علاج اُن کے جوہو واقع گھر پر ہی چل رہا تھا۔ پیر کی دوپہر اُن کے بنگلہ ’سنی وِلا‘ میں اچانک سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی اور پھر موت کی خبر گردش کرنے لگی۔ سنی وِلا میں جب ایمبولینس پہنچی تو سرگرمیاں مزید بڑھتی ہوئی دیکھی گئیں۔ بعد ازاں دھرمیندر کے جسد خاکی کو پون ہنس کے وِلے پارلے لے جایا گیا، جہاں اہلِ خانہ کی موجودگی میں ان کی آخری رسومات فوری طور پر ادا کر دی گئی۔ اس دوران گھر والوں نے انتہائی خاموشی اختیار کیے رکھی اور سخت سیکورٹی کے درمیان اداکار کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ آخری رسومات میں اہل خانہ کے علاوہ بالی ووڈ کی کچھ مشہور ہستیاں موجود تھیں۔ امیتابھ بچن اور عامر خان سمیت بالی ووڈ کے کئی بڑے ستارے وِلے پارلے کے شمشان گھاٹ پہنچتے نظر آئے۔

Published: undefined

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کے گھر ایک ایمبولینس کو داخل ہوتے دیکھا گیا تھا، جس کے فوراً بعد ممبئی پولیس نے سیکورٹی کے پیشِ نظر بنگلہ کے باہر بیریکیڈنگ شروع کر دی تھی۔ پولیس فورس کے علاوہ تقریباً 50 پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔ آخری رسومات کی تکمیل تک دیول خاندان کی طرف سے دھرمیندر کے انتقال کی تصدیق نہیں کی گئی تھی، کافی دیر بعد میں یہ افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی گئی۔

Published: undefined

دھرمیندر کے انتقال کی خبر سنتے ہی پورا بالی ووڈ انہیں الوداعی سلام پیش کرنے کے لیے شمشان گھاٹ پہنچا۔ ابتدائی طور پر امیتابھ بچن اور عامر خان آخری رسومات میں شامل ہوئے۔ اسی دوران کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، جس کے بعد یکے بعد دیگرے ایک کئی فنکار وِلے پارلے پہنچنے لگے۔ گوری خان، سلمان خان، راجکمار سنتوشی، سلیم خان، سنجے دت اور انل شرما جیسے فنکار بھی فوری طور پر آخری رسومات میں شامل ہونے پہنچ گئے۔

Published: undefined