کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی
پٹنہ: وقف قانون میں ترمیم کے خلاف پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ ’وقف بچاؤ دستور بچاؤ کانفرنس‘ میں لاکھوں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کسی کی اکڑ یا ضد سے نہیں بلکہ آئین اور قانون کی کتاب سے چلتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس اتوار، 29 جون 2025 کو منعقد ہوئی تھی۔
Published: undefined
عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ مرکزی حکومت وقف قانون میں ترمیم کا جو بل لائی ہے، وہ اقلیتوں کے مفاد میں نہیں بلکہ ان کی جڑیں کاٹنے کے لیے لایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس بل کو مسترد کرتے ہیں اور جب تک یہ واپس نہیں لیا جاتا، ہماری تحریک مسلسل جاری رہے گی۔
انہوں نے لوک سبھا میں بل کی مخالفت میں پڑے 232 ووٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا احتجاج نہیں، بلکہ سیکولر ہندوستان کی اجتماعی آواز ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا، ’’یہ ملک کسی ایک فرد کی جاگیر نہیں، ہم اپنے آبا و اجداد کی وقف املاک، خانقاہوں، عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قربانی دیں گے۔‘‘
Published: undefined
عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ’’مودی جی، آپ کو یہ سمجھنا پڑے گا کہ آپ ہماری حمایت میں جو بل لے کر آئیں ہیں ہمیں پتہ ہے وہ ہمارے حمایت میں نہیں ہماری بربادی کا سامان لے کر آئیں ہیں، آپ کی سازش، منشا کو ہم سمجھتے ہیں اس لیے ہم اس بل کے خلاف کھڑے ہیں۔‘‘
کانفرنس کا انعقاد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی تجویز اور امارتِ شرعیہ بہار، اوڈیشہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کی قیادت میں کیا گیا۔ اس میں مختلف ملی و سماجی تنظیموں، سیکولر سیاسی جماعتوں اور دیگر مذہبی طبقات کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے مشترکہ طور پر کہا کہ وقف ایکٹ میں ترمیم آئین کے آرٹیکل 13، 14، 25، 26 اور 300-اے کی روح کے خلاف ہے۔
Published: undefined
شرکا کا کہنا تھا کہ مرکز میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اقلیتوں میں عدم تحفظ بڑھا ہے اور حکومت مسلسل ان کے آئینی و مذہبی حقوق پر حملے کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ بی جے پی حکومت نہ صرف اقلیتوں کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ ملک کے جمہوری، تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی ختم کرنا چاہتی ہے۔
اجتماع میں ملک بھر سے آئے ہوئے افراد کی تعداد لاکھوں میں تھی۔ گاندھی میدان کی وسعت بھی اس مجمع کو سمیٹنے میں ناکام نظر آئی۔ مقررین نے زور دے کر کہا کہ اگر تمام طبقات متحد رہیں تو بی جے پی کو اپنے مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined