قومی خبریں

شرابی نے کار سے ٹکر مار کر توڑی قطب مینار کی دیوار، ہرجانہ وصول کریگا ’آثار قدیمہ‘

شرابی کی حرکت سے قطب مینار کی تاریخی دیوار کے تقریباً 50 میٹر حصہ کو نقصان پہنچا ہے۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کار میں آگ لگ گئی اور دھماکہ ہو گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: شراب کی فروخت شروع ہونے کے ساتھ ہی اس کے برے اثرات بھی نمایاں ہونے شروع ہو گئے ہیں۔ دہلی میں نشہ میں دھت ایک شخص نے ایسے ہی ایک واقعہ کے دوران قطب مینار کی دیوار پر اپنی کار سے زبردست ٹکر مار دی۔ شرابی کی حرکت سے قطب مینار کی تاریخی دیوار کے تقریباً 50 میٹر حصہ کو نقصان پہنچا ہے۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کار میں آگ لگ گئی اور دھماکہ ہو گیا۔ یہ حادثہ منگل کی صبح ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد کسی طرح قطب مینار کے سیکورٹی گارڈز نے کار کے ڈرائیور کو محفوظ نکالا۔

Published: 06 May 2020, 2:11 PM IST

واضح رہے کہ ملک بھر میں شراب کی دکانیں کھول دی گئی ہیں اور اس کے بعد مختلف شہروں سے شراب کے نشہ میں دھت لوگوں کی طرف سے واردات انجام دینے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ سڑکوں پر متعدد شرابی جہاں لوٹ پوٹ نظر آ رہے ہیں وہیں گالی گلوچ اور جھگڑے بھی ہو رہے ہیں۔ کئی مقامات پر تو شرابیوں کے ذریعہ قتل کرنے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ گورکھپور میں شوہر کی شراب نوشی سے عاجز آکر بیوی نے اپنی تین بچیوں کے ساتھ خودکشی تک کر لی۔

Published: 06 May 2020, 2:11 PM IST

قطب مینار کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور کو زخمی ہونے اور جھلس جانے کے بعد صفدرجنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ٹکر مارنے والے اس شخص کی شناخت ارون چوہان کے طور پر ہوئی ہے جو مہیپال پور، دہلی کا رہائشی ہے، جو کہ سیلس مین بتایا جاتا ہے۔

Published: 06 May 2020, 2:11 PM IST

ادھر، محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے اس معاملہ میں دہلی پولیس کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دیوار کو ہونے والے نقصان کی تلافی شرابی ملزم سے کی جانی چاہیے۔ غور طلب ہے کہ قطب مینار دہلی کا تاریخی مقام ہے جس کی تعمیر خاندانِ غلاماں کے بانی قطب الدین ایبک نے سنہ 1199 میں شروع کرائی تھی۔ اس تاریخی مقام کو دیکھنے کے لئے ملک و بیرون کے بے شمار سیاح پہنچتے ہیں۔

Published: 06 May 2020, 2:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 06 May 2020, 2:11 PM IST