سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کف سیرپ پینے سے کئی بچوں کی موت کے معاملے میں سی بی آئی جانچ کی مانگ والی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے معاملات میں ریاستی حکومتیں خود جانچ کرنے کی اہل ہیں اور ہر معاملے میں سپریم کورٹ سے نگرانی کی مانگ کرنا عدالتی نظام پر عدم اعتماد کے مترادف ہے۔
یہ مفاد عامہ کی عرضی وکیل وشال تیواری نے دائر کی تھی، جس میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ بچوں کی اموات کے ان معاملات کی جانچ کسی قومی عدالتی کمیشن یا ماہرین کی کمیٹی سے کرائی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ گزارش بھی کی تھی کہ اس جانچ کی نگرانی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں تاکہ کارروائی غیر جانب دار اور شفاف ہو سکے۔
Published: undefined
عرضی میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ملک میں وقتاً فوقتاً کف سیرپ یا دیگر دواؤں کے استعمال سے بچوں کی موت کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن اس پر کوئی مضبوط اور منظم کارروائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی ہر دوا کے لیے سخت ٹیسٹنگ اور ویریفکیشن کا عمل لازمی قرار دیا جائے۔
وشال تیواری نے اپنی عرضی میں یہ بھی دلیل دی تھی کہ دواؤں میں استعمال ہونے والے خطرناک کیمیکلز جیسے ڈائی ایتھیلین گلائکول اور ایتھیلین گلائکول کی فروخت اور نگرانی کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحے دوبارہ پیش نہ آئیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے اور تمام ریاستوں میں درج ایف آئی آرز کو یکجا کر کے ایک ہی تفتیشی ایجنسی کے تحت مشترکہ جانچ کرانے کی سفارش کی تھی۔
Published: undefined
انہوں نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ زہریلا کف سیرپ بنانے والی کمپنیوں کے لائسنس فوراً منسوخ کیے جائیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
دوسری طرف، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے اس عرضی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ریاستی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتا ہے اور وہ خود جانچ کرنے میں مکمل طور پر اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر واقعے میں سپریم کورٹ سے مداخلت کی امید کی جائے تو یہ ریاستی حکومتوں کی خود مختاری پر عدم اعتماد ظاہر کرنے کے مترادف ہوگا۔
Published: undefined
انہوں نے عرضی گزار وشال تیواری کی نیت پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ’’یہ جہاں بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے، بس اخبار پڑھ کر پی آئی ایل داخل کر دیتے ہیں۔‘‘ اس پر چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے پوچھا کہ اب تک آپ نے کتنی پی آئی ایل داخل کی ہیں؟ تیواری نے جواب دیا کہ آٹھ یا دس۔
عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد بغیر کوئی تفصیلی تبصرہ کیے یہ کہتے ہوئے عرضی خارج کر دی کہ ریاستی حکومتیں ان معاملات میں خود کارروائی کرنے کے لیے پوری طرح اہل ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
ویڈیو گریب