قومی خبریں

کورونا انفیکشن: مودی حکومت سے 'انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن' ناراض، جانیں کیوں...

کووڈ-19 کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے اب تک 382 ڈاکٹروں کی موت ہو گئی ہے۔ انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن چاہتی ہے کہ ان ڈاکٹروں کو شہید کا درجہ دیا جائے لیکن حکومت اس سے انکار کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کے درمیان ڈاکٹروں کے سر پر ہمیشہ موت کی تلوار لٹکی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کئی ڈاکٹرس کورونا مریضوں کا علاج کرتے کرتے خود موت کی نیند سو گئے۔ لیکن مودی حکومت کے پاس ایسے ڈاکٹروں اور طبی اہلکاروں کی کوئی فہرست نہیں ہے، جس کے بارے میں جان کر انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن (آئی ایم اے) چراغ پا ہے۔ دراصل مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں کہا کہ کورونا انفیکشن سے ہلاک ہونے والے یا انفیکشن کی زد میں آنے والے ڈاکٹروں کی تعداد انھیں معلوم نہیں ہے۔ اس بیان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے آئی ایم اے نے 382 ایسے ڈاکٹروں کی فہرست جاری کی ہے جو کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی آئی ایم اے نے ان ڈاکٹروں کو 'شہید' کا درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Published: undefined

آئی ایم اے نے اس تعلق سے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا ہے کہ "اگر حکومت کورونا انفیکشن کی زد میں آنے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی اہلکاروں کا ڈاٹا نہیں رکھتی ہے تو وہ وبا ایکٹ 1897 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ نافذ کرنے کا اخلاقی حق گنوا دیتی ہے۔ ایک طرف حکومت ڈاکٹروں کو کورونا واریر کہتی ہے اور دوسری طرف ان کو شہید کا درجہ دینے سے منع کیا جاتا ہے۔"

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ ایک سوال کے جواب میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران مرکزی وزیر مملکت اشونی چوبے نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کے پاس کورونا انفیکشن سے جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے اعداد و شمار نہیں ہے، کیونکہ طب و صحت کا معاملہ ریاستوں کے ماتحت آتا ہے اور مرکزی سطح پر یہ اعداد و شمار جمع نہیں کیے جاتے۔ اس سے پہلے وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی اپنے بیان میں ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کا کوئی تذکرہ نہیں کیا تھا۔

Published: undefined

مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیان کا تذکرہ کرتے ہوئے آئی ایم اے نے کہا ہے کہ "انشورنس کمپنسیشن کا ڈاٹا مرکزی حکومت کے پاس نہیں ہے، یہ ذمہ داری سے بھاگنا اور قومی ہیرو کی بے عزتی ہے جو اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے۔" بہر حال، اپنی پریس ریلیز میں ایسو سی ایشن نے مرکز کی مودی حکومت سے وبا کے دوران جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے گھر والون کو معاوضہ دینے کے ساتھ ہی انھیں شہید کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined