حج 2026: انتظامات کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی میٹنگ اور رام لیلا میدان کا مشترکہ معائنہ
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے اپنے بیان میں کہا کہ حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے حج کمیٹی پُرعزم ہے۔

نئی دہلی: گزشتہ دنوں حکومت دہلی کے گزٹ (غیر معمولی) مورخہ 9 مارچ کے ذریعہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی مدت کار میں آئندہ 6 ماہ کی توسیع کے بعد 12 مارچ کو توسیع شدہ حج کمیٹی کی پہلی میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں چیئرپرسن کوثر جہاں، رکن نازیہ دانش (نگم پارشد)، رکن محمد سعد، حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی نے شرکت کی۔
میٹنگ میں حج 2026 کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔ اس سلسلے میں محکمہ محصولات حکومت دہلی (ہیڈکوارٹر) کے ڈپٹی کمشنر اور ضلع وسطی کے ڈی ایم جی سدھاکر کی نگرانی میں دہلی کے معروف رام لیلا میدان میں حج انتظامات سے متعلق کیے جانے والے کاموں کی تیاری کے لیے تمام متعلقہ محکموں، مثلاً دہلی میونسپل کارپوریشن، دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ، دہلی پولیس، دہلی جل بورڈ، محکمہ صحت، بجلی محکمہ وغیرہ کے افسران کے ساتھ رام لیلا میدان کا مشترکہ معائنہ کیا گیا۔ تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ تمام ضروری کام جلد از جلد آئندہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتے تک مکمل کر لیے جائیں۔

واضح رہے کہ حج 2026 کا سفر 18 اپریل سے شروع ہوگا اور 20 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتظامات کے تحت دہلی سمیت ملک کی مختلف ریاستوں کے تقریباً 22 ہزار حجاج کرام دہلی سے اپنے مقدس حج کے سفر کے لیے روانہ ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔