قومی خبریں

خواتین ریزرویشن پر عملدرآمد نہ ہونے پر کانگریس کا احتجاج، حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام

الکا لامبا نے بی جے پی حکومت پر خواتین ریزرویشن ایکٹ کے نفاذ میں تاخیر کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کے ساتھ دھوکہ ہے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے 10 مارچ کو جنتر منتر پر احتجاج کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر الکا لامبا / سوشل میڈیا</p></div>

کانگریس لیڈر الکا لامبا / سوشل میڈیا

 

نئی دہلی: مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر خواتین ریزرویشن ایکٹ کے نفاذ میں تاخیر کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کے ساتھ دھوکہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے 10 مارچ 2025 کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

الکا لامبا نے کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن کا قانون تو پاس ہو گیا، مگر حکومت کی نیت اس پر عملدرآمد کی نہیں بلکہ خواتین کو محض لالی پاپ دینے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اس قانون کے حق میں پوری قوت سے آواز بلند کی تھی، مگر بی جے پی حکومت اسے نافذ کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی ’نصف آبادی‘ ہیں اور انہیں ان کے حقوق دینے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے خواتین کی ترقی کے لیے شاندار اقدامات کیے تھے، جس کے نتیجے میں آج ملک بھر میں 15 لاکھ سے زائد خواتین پنچایتوں، میونسپل کونسلز اور دیگر منتخب اداروں میں عوامی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان خواتین تک پہنچ کر انہیں یہ یاد دلانا ہوگا کہ ان کے سیاسی سفر میں کانگریس کا کیا کردار رہا ہے۔

مہیلا کانگریس کی صدر نے ریاستی حکومتوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہیں اعزازات دیے جاتے ہیں لیکن اگر وہی حکومتیں خواتین پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں ناکام رہتی ہیں، تو یہ عمل محض ایک دکھاوا بن کر رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اصل ترقی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں سیاسی اور سماجی طور پر مزید بااختیار بنایا جائے۔

Published: undefined

الکا لامبا نے یاد دلایا کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دیے، حالانکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے پیسہ اور طاقت استعمال کر کے ان کے خلاف سازشیں کیں۔ تاہم، پرینکا گاندھی آج بھی خواتین کے حقوق کے لیے برسرپیکار ہیں، جو قابل تعریف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت نے خواتین ریزرویشن ایکٹ کو راجیہ سبھا میں پاس کرانے کے بعد اس پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ قانون تو پاس ہو چکا، پھر اس پر عمل کیوں نہیں ہو رہا؟ یہ خواتین کے ساتھ سراسر ناانصافی اور دھوکہ ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined