قومی خبریں

پی ایم مودی کے خط پر کانگریس کا حملہ، کہا ’خط نہیں، غریبوں کو پیسوں کی ضرورت‘

کانگریس ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ کا کہنا ہے کہ آج پورا ملک کورونا وبا سے پریشان ہے، کروڑوں لوگوں کی نوکریاں جاچکی ہیں، لاکھوں لوگ بیمار ہوچکے ہیں اور پی ایم مودی اپنی حکومت کی تعریف میں مشغول ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آج یعنی 30 مئی کو مودی حکومت اپنی دوسری مدت کار کی پہلی سالگرہ منا رہی ہے۔ اس موقع پر پی ایم مودی نے عوام کے نام ایک طویل خط لکھا ہے جس میں گزشتہ ایک سال میں کیے گئے کاموں کی تعریف کی گئی ہے۔ پی ایم مودی نے اپنے خط میں جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ختم کیے جانے، رام مندر تعمیر کا راستہ ہموار ہونے، طلاق ثلاثہ کے خلاف اقدام اور شہریت ترمیمی قانون کو اپنی حکومت کی حصولیابیوں میں شمار کیا اور عوام سے کہا کہ وہ ہندوستان کی ترقی کے لیے لگاتار کام کر رہے ہیں۔ پی ایم مودی کے اس خط کی کانگریس نے پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس وقت غریبوں کو خط نہیں بلکہ پیسوں کی ضرورت ہے جو کہ مرکزی حکومت نہیں دے رہی۔

Published: undefined

کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا سے بچاؤ کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کے سبب ملک کے عوام کے ساتھ غریب، کسان، مزدور پریشان ہیں۔ اس وقت ملک کے غریبوں کو خط نہیں بلکہ ان کے کھاتوں میں پیسے چاہیے جس سے اپنی زندگی گزار سکیں۔ کانگریس کے قومی ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ نے ہفتہ کو ویڈیو بیان میں کہا 'مودی جی ملک کے عوام کو خط دینے سے کام نہیں چلنے والا ہے۔ خط سے پیٹ نہیں بھرتا۔ ملک کے ہر غریب کے کھاتے میں 10۔10ہزار روپئے بھجوایئے۔

Published: undefined

اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ آج پورا ملک کورونا وبا سے پریشان ہے۔ کروڑوں لوگوں کی نوکریاں جاچکی ہیں۔ لاکھوں لوگ بیمار ہوچکے ہیں۔ کاروبار بند ہورہے ہیں۔ مودی حکومت کے ایک سال پورا ہونے پر لوگوں کو خط دے کر وزیر اعظم اپنی حکومت کی تعریف میں مشغول ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کے غریبوں کو خط کی نہیں ان کے کھاتے میں دس دس ہزار روپئے بھیجنے کی ضرورت ہے۔ پی ایم مودی اپنی تعریف کبھی بھی کرسکتے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined