قومی خبریں

بی جے پی پر دہلی میں ’نقلی جمنا‘ بنانے اور چھٹھ پوجا کرنے والوں کو دھوکہ دینے کا الزام، کانگریس حملہ آور

کانگریس کے ذریعہ شیئر کردہ ’نیوز لانڈری‘ کی ویڈیو رپورٹ میں اینکر بتاتا ہے کہ واسودیو گھاٹ میں جمنا کے بغل میں ہی ایک تالاب بنا دیا گیا ہے۔ یہ تالاب کہیں سے بھی جمنا سے ملا ہوا نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس @INCIndia</p></div>

گرافکس @INCIndia

 

’’ماں جمنا کی صفائی پر بی جے پی حکومت نے صاف جھوٹ بولا ہے۔ بی جے پی کے اس جھوٹ کو کئی میڈیا چینلوں نے آگے بڑھایا۔ بی جے پی عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔‘‘ یہ بیان کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ’نیوز لانڈری‘ کی ایک ویڈیو رپورٹ شیئر کرتے ہوئے دیا ہے۔ اس ویڈیو رپورٹ میں بی جے پی پر دہلی میں ’نقلی جمنا‘ بنانے اور چھٹھ پوجا کرنے والوں کو دھوکہ دینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کانگریس بی جے پی پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔

Published: undefined

کانگریس کے ذریعہ شیئر کردہ ’نیوز لانڈری‘ کی ویڈیو رپورٹ میں اینکر بتاتا ہے کہ واسودیو گھاٹ میں جمنا کے بغل میں ہی ایک تالاب بنا دیا گیا ہے۔ یہ تالاب کہیں سے بھی جمنا سے ملا ہوا نہیں ہے۔ یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ جمنا کا پانی یہاں پر انتہائی گندہ ہے، اس لیے حکومت نے چھٹھ منانے والوں کو غسل کرنے کے لیے الگ سے تالاب بنا دیا ہے جو کہ جمنا ندی سے بالکل الگ ہے۔ یعنی جمنا کا پانی اس تالاب میں نہیں آ رہا۔ اس ویڈیو رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز مشہور صحافی سدھیر چودھری دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا اِسی تالاب کے پاس انٹرویو لے رہے تھے، جس میں جمنا کی صفائی پر گفتگو ہو رہی تھی۔ سدھیر چودھری اسی تالاب کے پانی کو ہاتھوں میں لے کر کہہ رہے تھے کہ یہ بہت صاف لگ رہا ہے اور نہانے لائق معلوم پڑ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بھی کہتی ہیں کہ پانی بہت صاف اور غسل کرنے لائق ہے۔ لیکن دونوں ہی یہ نہیں بتاتے ہیں کہ یہ پانی تالاب کا ہے، جمنا کا پانی نہیں ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ ایسی کچھ رپورٹس سامنے آئی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ تالاب میں باہر سے پانی ڈالا گیا ہے۔ یعنی چھٹھ پوجا کرنے والوں کو جمنا کا دھوکہ دے کر ایک ’نقلی جمنا‘ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس نے سوشل میڈیا پر کئی پوسٹ میں بی جے پی کے اس کارنامہ کو دھوکہ سے تعبیر دیا ہے۔ کانگریس نے ایک پوسٹ میں تصویر کے ذریعہ دہلی کی بی جے پی حکومت پر حملہ کیا ہے، جس میں مشہور سیریل ’پنچایت‘ کے 2 کرداروں بھوشن اور بنود کا استعمال کیا گیا ہے۔ بھوشن کہتا ہے ’’دیکھ رہا ہے بنود؟ کیسے فلٹر پانی کا تالاب بنا کر ’جمنا صاف ہو گئی‘ کا ڈھول پیٹ رہے۔‘‘ جواب میں بنود کہتا ہے ’’ہاں بھیا، جملے بازوں سے امید بھی کیا کی جائے۔‘‘

Published: undefined

اس سے قبل آج صبح کانگریس نے کچھ میڈیا چینلز کی ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جن میں جمنا کے گندے پانی کو انتہائی گندہ اور ناقابل غسل قرار دیا تھا۔ ایک ویڈیو رپورٹ شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا تھا ’’ماں جمنا زہریلے جھاگ سے بھری ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت جمنا کی صفائی کو لے کر جھوٹ بولنے سے باز نہیں آ رہی، لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا گیا ہے کہ ’’آج چھٹھ تہوار کی ’سندھیا اَرگھیہ‘ ہے۔ ایسے میں وَرت رکھنے والے اور عقیدتمندوں کو اسی گندے پانی میں غسل اور پوجا کرنی ہوگی۔‘‘

Published: undefined

ایک دیگر شیئر کردہ ویڈیو رپورٹ کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’ماں جمنا زہریلے سفید جھاگ سے ڈھک گئی ہے۔ جمنا ندی کی صفائی کو لے کر بی جے پی نے بڑے بڑے جھوٹ بولے، لیکن سچ سامنے آ ہی گیا۔‘‘ اس پوسٹ میں کانگریس نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ ’’آخر بی جے پی لوگوں کے عقیدہ سے کھلواڑ کیوں کر رہی ہے؟ کیا اس گندے پانی میں بی جے پی لیڈران اور وزراء غسل کریں گے؟ کیا وہ آچمن (منتر پڑھتے ہوئے ندی کا پانی پینا) کریں گے؟‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined