قومی خبریں

اناؤ عصمت دری متاثرہ کی حالت انتہائی نازک

عصمت دری متاثرہ کو بتاریخ 5 دسمبر لکھنؤ ایئر پورٹ سے ایئر لفٹ کرا کر علاج کے لئے دہلی لایا گیا تھا لیکن اس کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اناؤ کی عصمت دری متاثرہ کو کل علاج کے لئے لکھنؤ سے دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال لایا گیا تھا لیکن خبر ہے کہ دہلی میں بھی اس کی حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے۔ متاثرہ کو کل ایئر لفٹ کرا کر لکھنؤ سے دہلی منتقل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ متاثرہ 90 فیصد جل چکی ہے اور اس کے جسم کے دو اندرونی حصے پوری طرح آگ کی زد میں آنے سے جل گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے اس کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ آج ڈاکٹر متاثرہ کے دو چھوٹے آپریشن بھی کر سکتے ہیں۔

Published: 06 Dec 2019, 2:11 PM IST

خبر کے مطابق متاثرہ کے جسم میں جراثیم نہ پھیل جائے اس پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جراثیم جسم میں پھیلنا شروع ہو گیا تو پھر علاج بہت مشکل ہو جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ جلنے کے معاملات میں اکثر مریض کی موت جسم میں جراثیم پھیلنے سے ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ کل متاثرہ کو ائیر پورٹ سے محض 18 منٹ میں 13 کلومیٹر کا سفر طے کر کے ہسپتال پہنچایا گیا اور اس کے لئے انتظامیہ نے گرین کوریڈور بنایا تھا جس کی وجہ سے یہ ممکن ہوا۔

Published: 06 Dec 2019, 2:11 PM IST

قابل غور ہے کہ اناؤ کے تحت آنے والے بہار تھانہ علاقہ کے گاؤں ہندو نگر کی رہائشی متاثرہ کو جمعرات کے روز زندہ جلانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ کو جلانے کا الزام بھی انہیں لوگوں پر عائد ہوا ہے جن پر اس کی آبرو ریزی کا الزام ہے۔ پولس نے اس معاملہ میں 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان حال ہی میں ضمانت پر جیل سے چھوٹ کر باہر آئے تھے اور اب ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پٹرول ڈال کر عصمت دری کی شکار متاثرہ کو زندہ جلا دیا۔

Published: 06 Dec 2019, 2:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 06 Dec 2019, 2:11 PM IST