قومی خبریں

چار دھام یاترا: دو ہفتوں کے دوران 41 یاتری ہلاک

بیشتر یاتریوں کی موت ہائی بلڈ پریشر، دل سے متعلق امراض اور پہاڑ پر چڑھنے سے ہونے والی پریشانیوں کے سبب واقع ہوئیں، انتظامیہ نے صلاح دی ہے کہ اس طرح کی بیماریوں میں مبتلا افراد یاترا نہ کریں

چاردھام یاترا / تصویر آئی اے این ایس
چاردھام یاترا / تصویر آئی اے این ایس 

دہرادون: اتراکھنڈ میں ’چاردھام یاترا‘ کے آغاز کے بعد سے اب تک 40 سے زیادہ افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ’آج تک‘ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک کم از کم 41 یاتری اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اموات (15) کیدار ناتھ کی یاترا کے دوران واقع ہوئیں۔ اس کے علاوہ یمنوتری کی یاترا کرنے والے 14، بدری ناتھ کی یاترا کرنے والے 8 اور گنگوتری کی یاترا کرنے والے 4 عقیدت مندوں نے اپنی جان گنوائی۔

Published: undefined

رپورٹ کے مطابق بیشتر یاتریوں کی موت ہائی بلڈ پریشر، دل سے متعلق امراض اور پہاڑ پر چڑھنے سے ہونے والی پریشانیوں کے سبب واقع ہوئیں، انتظامیہ نے صلاح دی ہے کہ اس طرح کی بیماریوں میں مبتلا افراد یاترا نہ کریں۔

خیال رہے کہ یاترا کا آغاز 3 مئی کو اکشے ترتیہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی موجودگی میں عقیدت مندوں کے لیے گنگوتری اور یمونوتری پورٹل کھولنے کے ساتھ ہوا تھا۔ جبکہ کیدارناتھ کے دروازے 6 مئی کو اور بدری ناتھ کے دروازے 8 مئی کو کھولے گئے۔

Published: undefined

اتراکھنڈ میں بارش رکنے کے بعد بدری ناتھ یاترا دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیر کی رات موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے یاترا روک دی گئی تھی۔ بدری ناتھ یاترا منگل کی صبح 6 بجے دوبارہ شروع کی گئی ہے۔ ادھر، بھاری بارش کے سبب کیدارناتھ پیدل یاترا کے راستہ پر گوری کنڈ میں ٹریفک جام لگا ہوا ہے، یہاں بڑی تعداد میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔

Published: undefined

چمولی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے بدری ناتھ قومی شاہراہ پر ہنومان چٹّی سے بدری ناتھ کے درمیان، لام بگڑ میں کھچڑا نالے میں پانی میں اضافہ ہونے اور بلدوڑا میں لینڈسلائڈنگ کے سبب یاترا روک دی گئی ہے۔ یاتریوں کو پانڈوکیشور، بدری ناتھ جوشی مٹھ، پپل کوٹی، چمولی اور گوچر میں روکا گیا ہے۔

Published: undefined

بدری ناتھ کے کپاٹ (دروازے) کھلنے کے بعد 8 مئی سے 16 مئی کی شام تک 176463 یاتریوں نے مندر میں درشن کئے ہیں۔ جبکہ کیدارناتھ دھام کے دروازے کھلنے کی تاریخ یعنی 6 مئی سے 16 مئی تک 213640 یاتریوں نے درشن کئے ہیں۔

دریں اثنا، بھاری بھیڑ کے سبب چاردھام یاترا پر جانے والے یاتریوں کی تعداد کو محدود کر دیا گیا ہے۔ اب بدری ناتھ میں روزانہ 16000، کیدارناتھ میں روزانہ 13000، گنگوتری میں روزانہ 8000 اور یمونوتری میں روزانہ 5000 عقیدت مند ہی درشن کر سکتے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined