قومی خبریں

چانکیہ نے ’دام، دَنڈ، بھید‘ کا استعمال کر لیا ہے، لیکن وہ ناکام ہوئے ہیں: جئے رام رمیش

جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’خود کو چانکیہ ماننے والے صاحب نے آخری 3 طریقوں (دام، دنڈ اور بھید) کا سہارا لیا، لیکن وہ ناکام رہے۔ کیوں نہ وہ پہلے طریقے (سام) کو آزما کر دیکھیں؟‘‘

جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس 

مودی حکومت خواتین ریزرویشن بل اور حد بندی بل کو پاس کرانے کے لیے اکثریت حاصل کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس انتظار میں حکومت نے ابھی تک سرمائی اجلاس کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے خاص طور سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ’’چانکیہ نے سام، دام، دنڈ، بھید کا استعمال کر لیا ہے، لیکن وہ ناکام ہو گئے ہیں۔‘‘

جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’لوک سبھا میں 2 تہائی اکثریت حاصل کرنے کی اپنی بے تاب کوشش میں ہیں۔‘‘ انھوں نے پوسٹ کا آغاز کچھ اس انداز میں کیا ہے کہ ’’کوٹلیہ کی معیشت میں سام، دام، دنڈ اور بھید کا ذکر ہے۔ لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی اپنی بے تاب کوشش میں، تاکہ خطرناک حد بندی بل کو پاس کرایا جا سکے۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں ’’خود کو چانکیہ ماننے والے ان صاحب نے آخری 3 طریقوں (دام، دنڈ اور بھید) کا سہارا لیا، لیکن وہ ناکام رہے۔ کیوں نہ وہ پہلے طریقے (سام) کو آزما کر دیکھیں؟‘‘

سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس جنرل سکریٹری نے پارٹی صدر ملکاجن کھڑگے کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے جی نے گزشتہ 7 ماہ میں 11 اپریل، 16 جولائی، 27 اگست اور 16 اکتوبر کو وزیر اعظم کو خط لکھ کر یہی راستہ (سام، یعنی بات چیت) اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، لیکن ان خطوط کا کوئی رسمی جواب تک نہیں آیا ہے۔‘‘

حد بندی معاملہ پر کانگریس لیڈر سندیپ دیکشت نے بھی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ان کا ایک ہی طریقہ ہے کہ کسی طرح سے کچھ اکثریت بنا کر دو تہائی سے اپنے حد بندی بل کو پاس کریں۔ چونکہ وہ اکثریت ان کے پاس موجود نہیں ہے، اس لیے انھوں نے اِدھر اُدھر سے خریدنا شروع کر دیا ہے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ 200-100 فی رکن پارلیمنٹ، جو بھی ان کی قیمت ہو سکتی ہے، مقرر کیا ہوگا۔ ہو سکتا ہے ابھی تک پوری ڈیلنگ نہیں ہوئی ہوگی۔ جب ڈیل ہو جائے گی تو ممکن ہے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کر لیا جائے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔