قومی خبریں

دہلی میٹرو کے تین نئے کوریڈور منظور، نیٹ ورک میں 16 کلو میٹر کا اضافہ

مودی کابینہ نے دہلی میٹرو فیز 5اے کے تحت تین نئے کوریڈورز کی منظوری دے دی۔ 16 کلو میٹر طویل اس منصوبے پر 12 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور نیٹ ورک 400 کلو میٹر سے آگے بڑھے گا

<div class="paragraphs"><p>دہلی میٹرو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میٹرو، تصویر آئی اے این ایس

 

مودی حکومت کی کابینہ نے بدھ کے روز دہلی میٹرو کے فیز 5اے کے تحت تین نئے کوریڈورز کو منظوری دے دی۔ اس مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد دہلی میٹرو کے نیٹ ورک میں مزید 16.076 کلو میٹر کا اضافہ ہوگا اور مجموعی لمبائی 400 کلو میٹر سے تجاوز کر جائے گی۔ اس پورے منصوبے پر تقریباً 12015 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور اسے تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

Published: undefined

مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کابینہ کے فیصلوں کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ فیز 5اے کے تحت 13 نئے میٹرو اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے، جن میں 10 زیر زمین اور 3 بلند سطح پر قائم ہوں گے۔ ان نئے کوریڈورز کے ذریعے قومی راجدھانی میں سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنانے اور مختلف علاقوں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنے کا مقصد ہے۔

Published: undefined

پہلا کوریڈور رام کرشن آشرم مارگ سے اندرا پرستھ تک تعمیر کیا جائے گا، جس کی لمبائی تقریباً 9.913 کلو میٹر ہوگی اور اس پر 9570 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔ یہ راستہ کناٹ پلیس کے علاقے سے گزرتا ہوا شیواجی اسٹیڈیم، مرکزی سیکریٹریٹ، کرتویہ بھون، انڈیا گیٹ اور بھارت منڈپم جیسے اہم مقامات کو جوڑے گا۔ اس کوریڈور سے روزانہ تقریباً ساٹھ ہزار سرکاری ملازمین اور دو لاکھ کے قریب زائرین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

دوسرا کوریڈور ایئروسٹی سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل ایک تک ہوگا، جس کی لمبائی 2.263 کلو میٹر اور لاگت 1419.6 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ اس سے ہوائی مسافروں کو ایئروسٹی اور ٹرمینل ایک کے درمیان براہ راست میٹرو رابطہ میسر آئے گا، جبکہ ٹرمینل تین پہلے ہی میٹرو سے منسلک ہے۔

Published: undefined

تیسرا کوریڈور تغلق آباد سے کالندی کنج تک تعمیر ہوگا، جس کی لمبائی 3.9 کلو میٹر اور لاگت 1024.8 کروڑ روپے ہوگی۔ اس سے مجینٹا اور وائلٹ لائن آپس میں جڑ جائیں گی اور نوئیڈا، فرید آباد اور گروگرام جانے والے مسافروں کو بڑی سہولت ملے گی۔

فی الحال دہلی اور این سی آر میں دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے تحت تقریباً 395 کلو میٹر طویل 12 میٹرو لائنیں چل رہی ہیں، جن میں 289 اسٹیشن شامل ہیں۔ اس نئی منظوری کے بعد دہلی میٹرو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے بڑے میٹرو نیٹ ورکس میں اپنی جگہ مزید مضبوط کرے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined