قومی خبریں

برکس: دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات، 700 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی، کئی اہم راستوں پر ٹریفک پابندیاں

دہلی ٹریفک پولیس نے ’ایکس‘ پر ایک ایڈوائزری جاری کی، جس میں کہا گیا کہ ہفتہ کو صبح 9:30 بجے سے رات 9:30 بجے تک دہلی کے اہم راستوں پر ٹریفک ڈائیورژن اور آمد و رفت کو منظم کرنے کے انتظامات نافذ رہیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

دہلی پولیس، تصویر/آئی اے این ایس

 

راجدھانی دہلی میں منعقد ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے پیش نظر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کے علاوہ سیکورٹی ایجنسیاں بھی پوری طرح الرٹ ہیں۔ جگہ جگہ بیریکیڈنگ کی گئی ہے اور آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ دہلی میں الگ الگ سیکٹر اور زون میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ سیکورٹی کے لیے 15000 پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کی 200 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ تکنیکی آلات بھی نصب کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی خطرے کا پتہ لگایا جا سکے۔

برکس اجلاس کے دوران سیکورٹی مضبوط کرنے اور آئی جی آئی ایئرپورٹ سے ’شانتی پتھ‘ تک کے راستوں پر نظر رکھنے کے لیے دہلی پولیس نے 700 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے اور 5 کنٹرول روم قائم کیے ہیں۔ تغلق روڈ پولیس اسٹیشن میں ایک خصوصی سی سی ٹی وی کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے، جہاں سے تقریباً 500 کیمروں کی فیڈ دیکھی جا سکتی ہے۔ راستوں کی سیکورٹی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے خصوصی نگرانی والے کیمرے لگائے گئے ہیں۔

غیر ملکی معزز شخصیات اور عالمی رہنماؤں کی آمد و رفت کے پیش نظر دہلی ٹریفک پولیس نے بھی قومی راجدھانی کے اہم راستوں پر ٹریفک پابندیاں، ڈائیورژن اور آمد و رفت کو منظم کرنے کے انتظامات نافذ کیے ہیں۔ دہلی ٹریفک پولیس نے جمعہ کی رات ’ایکس‘ پر ایک ایڈوائزری جاری کی، جس میں کہا گیا کہ ہفتہ کو صبح 9:30 بجے سے رات 9:30 بجے تک دہلی کے اہم راستوں پر ٹریفک ڈائیورژن اور آمد و رفت کو منظم کرنے کے انتظامات نافذ رہیں گے۔

سربراہی اجلاس سے متعلق انتظامات کے باعث کئی اہم سڑکیں متاثر رہیں گی، جن میں سردار پٹیل مارگ، مدر ٹریسا کریسنٹ، تین مورتی مارگ، اکبر روڈ، تیس جنوری مارگ، راجیش پائلٹ مارگ، متھرا روڈ، موتی لال نہرو مارگ، ڈاکٹر ذاکر حسین مارگ، بریگیڈیئر ہوشیار سنگھ مارگ، افریقہ ایونیو روڈ، ستیہ مارگ اور شانتی پتھ شامل ہیں۔ متاثرہ راستوں میں جن پتھ، اشوک روڈ، بارہ کھمبا روڈ، ٹالسٹائے مارگ، رنجیت سنگھ فلائی اوور، نیتی مارگ، پنچ شیل مارگ، کمال اتاترک مارگ، اے پی جے عبدالکلام روڈ، پریس انکلیو روڈ، لال بہادر شاستری مارگ، جوزف بروز ٹیٹو مارگ اور لالا لاجپت رائے مارگ بھی شامل ہیں۔

پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں اور سفر کے لیے اضافی وقت لے کر چلیں۔ جہاں تک ممکن ہو پبلک ٹرانسپورٹ خاص طور پر میٹرو کا استعمال کریں۔ مقررہ ڈائیورژن راستوں اور ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ ہنگامی اور ضروری خدمات والی گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان برکس کا بانی رکن ہے اور اس سے قبل 2012، 2016 اور 2021 میں 3 بار اس کی صدارت کر چکا ہے۔ ہندوستان نے یکم جنوری 2026 کو چوتھی بار برکس کی صدارت سنبھالی۔ 2026 ایک اہم سنگ میل بھی ہے کیونکہ برکس کے قیام کو 20 سال مکمل ہو رہے ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ برکس میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ برکس کے شراکت دار ممالک میں بیلاروس، کیوبا، بولیویا، قازقستان، ملیشیا، نائجیریا، تھائی لینڈ، یوگانڈا، ازبکستان اور ویتنام کے نام شامل ہیں۔ برکس کا تعاون دہشت گردی کے خلاف جنگ، موسمیاتی تبدیلی، غذائی اور توانائی کی سلامتی، عالمی اقتصادی صورتحال، ٹیلی مواصلات، زراعت، محنت اور روزگار، بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے، تجارت اور عالمی تجارتی تنظیم سمیت کئی عالمی مسائل پر مسلسل بڑھ رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔