’بھارت منڈپم‘ میں ہوگا 18واں برکس سربراہی اجلاس، شیڈول جاری

سربراہی اجلاس میں برکس ممالک کے ساتھ شراکت دار اور مدعو ممالک کے رہنما عالمی ترقی، اقتصادی تعاون اور مستقبل کے چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستان قومی راجدھانی دہلی کے ’بھارت منڈپم‘ میں 12 اور 13 ستمبر کو 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ہندوستان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کا آفیشیل تھیم ’بلڈنگ فار ریزیلینس، اِنوویشن، کوآپریشن اینڈ سسٹینیبلٹی‘ رکھا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے بدھ (9 ستمبر) کو ان 2 دنوں کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور پروگراموں کا شیڈول جاری کیا۔

2 روزہ اجلاس میں برکس رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ شراکت دار ممالک اور مدعو ممالک کے اعلیٰ رہنما بھی شرکت کریں گے۔ ہندوستان کی صدارت کے دوران 25 سے زائد شہروں میں 350 سے زائد اجلاس اور اعلیٰ سطحی پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں۔ ہفتہ (12 ستمبر) کو برکس رکن ممالک کے رہنما ’بھارت منڈپم‘ پہنچیں گے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً 2:35 بجے ’انکلوسیو گلوبل گورننس اینڈ اسٹرینتھننگ ملٹی لیٹرلزم‘ (جامع عالمی حکمرانی اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانا) کے موضوع پر ایک بند کمرہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ شام 4:25 بجے برکس رہنماؤں کو ’بھارت انوویٹس ایگزیبیشن‘ کا معائنہ کرایا جائے گا۔ اس کے بعد شام 5:05 بجے رہنماؤں کی گروپ تصویر اور 5:10 بجے مشترکہ شجرکاری پروگرام ہوگا۔ دن کا اختتام وزیر اعظم کی جانب سے دیے جانے والے پرتکلف عشائیے کے ساتھ ہوگا، جو شام 7:30 بجے ’بھارت منڈپم‘ کی تیسری منزل پر منعقد کیا جائے گا۔


اتوار یعنی 13 ستمبر کو صبح 9:55 بجے شراکت دار ممالک اور ’آؤٹ ریچ پروگرام‘ کے تحت دیگر ممالک کے سربراہان مملکت یا حکومت کے سربراہان ’بھارت منڈپم‘ پہنچیں گے۔ اسی دن صبح 10:35 بجے گروپ تصویر کا پروگرام ہوگا۔ اس کے بعد صبح 10:50 بجے اجلاس کا اہم ’اوپن سیشن‘ شروع ہوگا۔ اس کا موضوع ’بلڈنگ فار ریزیلینس، اِنوویشن، کوآپریشن اینڈ سسٹینیبلٹی: شیپنگ دی فیوچر فار اِنکلوسیو گلوبل گروتھ‘ ہوگا۔ اس اجلاس میں برکس ممالک کے ساتھ شراکت دار اور مدعو ممالک کے رہنما عالمی ترقی، اقتصادی تعاون اور مستقبل کے چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 2026 کا برکس سربراہی اجلاس ہندوستان کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ رواں سال برکس گروپ اپنے قیام کے 20 سال مکمل کر رہا ہے۔ ہندوستان چوتھی بار اس کی صدارت کر رہا ہے۔ اجلاس میں عالمی حکمرانی کے نظام میں اصلاحات، کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے، تجارت، مالیات، ٹیکنالوجی، توانائی کی سلامتی اور پائیدار ترقی جیسے مسائل پر تعاون بڑھانے پر زور دیے جانے کی امید ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔