بی جے پی راجیہ سبھا رکن رام چندر جانگڑا
پہلگام دہشت گردانہ حملہ پر بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن رام چندر جانگڑا نے ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاحوں نے اگنی ویر کی ٹریننگ لی ہوتی تو 3 دہشت گرد 26 لوگوں کو نہیں مار پاتے۔ سیاح ہاتھ جوڑ کر مارے گئے، وہاں موجود ہماری بہنوں میں بھی بہادری کا جذبہ نہیں تھا۔ یہ باتیں راجیہ سبھا رکن نے ہریانہ کے بھیوانی میں منعقد اہلیا بائی ہولکر سہ صد سالہ یادگاری مہم پروگرام میں کہیں۔
Published: undefined
رام چندر جانگڑا نے کہا کہ پہلگام حملہ کے بعد ملک محسوس کر رہا ہے کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے نوجوانوں کو جو ٹریننگ دینا چاہتے ہیں، وہ ٹریننگ اگر سیاحوں کے پاس ہوتی تو 3 دہشت گرد 26 لوگوں کو نہیں مار پاتے۔ اگر سیاحوں کے ہاتھوں میں لاٹھی، ڈنڈا کچھ بھی ہوتا اور وہ چاروں طرف سے دہشت گردوں کی طرف دوڑتے تو میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ شاید 5 یا 6 لوگوں کی جانیں جاتیں لیکن تینوں دہشت گرد بھی مارے جاتے۔ ہاتھ جوڑنے سے کوئی نہیں چھوڑتا، جو دہشت گرد مارنے کے لیے آئے ان میں رحم کا جذبہ نہیں تھا اس لیے ہاتھ جوڑ کر بھی گولی کا شکار ہو گئے۔ بہنوں کو تو اس وقت اہلیا بائی کی طرح جوابی حملہ کرنا چاہیے تھا۔
Published: undefined
راجیہ سبھا رکن کے مطابق وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں میں بہادری کا احساس پیدا کرنے کے لیے ایک بہت بڑی اسکیم ’اگنی ویر‘ کا آغاز کیا۔ اس کی مخالفت میں ہمارے نوجوانوں نے کتنی ٹرینیں جلا دیں اور کتنی سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کی تعلیم کے اندر کوئی کمی تھی، ان کی تعلیم میں قوم پرستی کا کوئی جذبہ نہیں تھا۔ بزدلوں کی تاریخ نہیں لکھی جاتی ہے، لیکن طویل عرصہ سے ہمیں بزدلی سکھائی اور بتائی گئی۔ بہادروں کی داستان تاریخ کے اوراق میں نہیں بلکہ گڑھوں میں دفن ہے۔ ہمیں مغلوں اور انگریزوں کی تاریخ پڑھائی گئی، ہمیں بہادروں کی تاریخ نہیں پڑھائی گئی، صرف ایک گاندھی خاندان کو ہی بتایا گیا۔ کیا تلوار یا ڈھال کے بغیر کبھی آزادی حاصل ہو سکتی ہے؟
Published: undefined
بی جے پی راجیہ سبھا رکن کے مطابق ہندوستان میں جدوجہد آزادی کی تاریخ پڑھانے کی روایت ہمارے وزیر اعظم نریند مودی نے 2014 کے بعد شروع کی تھی۔ تاکہ ہمارے ملک کی خاتون میں اہلیا بائی ہولکر جیسا جذبہ ہو، اس میں جھانسی کی رانی لکشمی بائی جیسا جذبہ ہو۔ اگر وہ مذہب پر چلے تو ساوتری بنے، سیتا بنے، رادھا بنے، اگر بہادری کے راستہ پر چلے تو وہ اہلیا بائی بنے، جھانسی کی رانی لکشمی بائی بنے لیکن ہاتھ جوڑ کر رحم کی بھیک نہ مانگا کرے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: فیس بک صفحہ (شری اکال تخت)