
بہار میں جاری اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ مہاگٹھ بندھن کے مضبوط پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ کی رفتار سست کرنے کے لیے دانستہ طور پر بجلی کاٹی جا رہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ووٹنگ کے عمل کو متاثر کرنے کی بدنیتی پر مبنی کوشش ہیں۔
آر جے ڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران مہاگٹھ بندھن کے مضبوط بوتھوں پر جان بوجھ کر ووٹنگ کی رفتار کم کرائی جا رہی ہے۔ وقفے وقفے سے بجلی کاٹ کر انتظامیہ ووٹروں کو پریشان کر رہی ہے۔‘‘ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ ’’ایسی دھاندلی، بد نیتی اور تعصب پر مبنی کارروائیوں پر فوری نوٹس لے کر کارروائی کی جائے۔‘‘
Published: undefined
آر جے ڈی کے اس الزام کے فوراً بعد بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر نے ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر تحریر کیا، ’’الزامات غلط ہیں۔ بہار کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر منظم طور پر ووٹنگ جاری ہے۔ ہندوستان کا الیکشن کمیشن منصفانہ، شفاف اور بغیر کسی رکاوٹ کے ووٹنگ کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام معیاری پروٹوکول پر عمل پیرا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے گمراہ کن پروپیگنڈے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔
آر جے ڈی نے بعد میں ایک اور ویڈیو شیئر کی، جو مظفرپور ضلع کے صاحب گنج اسمبلی سیٹ کے بوتھ نمبر 147 سے متعلق ہے۔ ویڈیو میں کچھ لوگ شکایت کرتے نظر آ رہے ہیں کہ جب وہ ووٹ ڈالنے پہنچے تو پولنگ اہلکاروں نے انہیں بتایا کہ ’’ان کا ووٹ پہلے ہی ڈال دیا گیا ہے۔‘‘ پارٹی نے اس واقعے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔‘‘ آر جے ڈی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے پر فوری نوٹس لے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
Published: undefined
پارٹی نے اپنی تیسری پوسٹ میں کہا کہ ’’ریاست کے مختلف اسمبلی حلقوں سے اطلاعات مل رہی ہیں کہ جہاں آر جے ڈی اور مہاگٹھ بندھن کے ووٹروں کی تعداد زیادہ ہے، وہاں انتظامیہ کی جانب سے ووٹنگ کو دانستہ طور پر سست کیا جا رہا ہے۔‘‘ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانب داری برقرار رکھتے ہوئے ایسی ’’غیر قانونی سرگرمیوں‘‘ میں ملوث افسران کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
خیال رہے کہ بہار کے 18 اضلاع کی 121 اسمبلی نشستوں پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ دوپہر 11 بجے تک الیکشن کمیشن کے مطابق اوسط ووٹنگ 27.65 فیصد رہی۔ ضلع بیگوسرائے میں سب سے زیادہ 30.37 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ پٹنہ میں سب سے کم 23.71 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ انتخابی عمل مجموعی طور پر پُرامن بتایا جا رہا ہے، تاہم آر جے ڈی کے الزامات نے سیاسی ماحول میں گرمی پیدا کر دی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined