
تصویر ویڈیو گریب
پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل مہاگٹھ بندھن میں ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ اور مہاگٹھ بندھن کے نائب وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار مکیش سہنی کے بھائی سنتوش سہنی نے دربھنگہ ضلع کی گورابورام اسمبلی سیٹ سے اپنی امیدواری واپس لے لی ہے۔
سنتوش سہنی کی دستبرداری کے بعد آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے مگر ہم ان سے الگ نہیں ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا، ’’ہم ایک ہیں اور ہمارا مقصد بھی ایک ہے۔ میں ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور ان کی نیت پر مکمل بھروسہ ہے۔‘‘
Published: undefined
گورابورام نشست پر مہاگٹھ بندھن کے دو اتحادی، آر جے ڈی اور وی آئی پی، کے درمیان ایک ’فرینڈلی فائیٹ‘ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ آر جے ڈی نے یہاں سے افضل علی خان کو امیدوار بنایا تھا، جبکہ سنتوش سہنی وی آئی پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں تھے۔ تاہم، ووٹنگ سے قبل ہی انہوں نے دستبرداری کا اعلان کر دیا، جس سے مہاگٹھ بندھن کے اندرونی تنازع کا خاتمہ ہوگیا۔
بدھ کے روز مکیش سہنی نے ایک میں اپنے بھائی کی امیدواری واپس لینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی آر جے ڈی امیدوار افضل علی خان کو باضابطہ حمایت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، ’’بہار میں تبدیلی کی جدوجہد اور سماجی انصاف کے قیام کی راہ آسان نہیں ہے۔ کبھی کبھار بڑے مقصد کے لیے قربانی دینی پڑتی ہے۔ سنتوش سہنی نے گورابورام کے عوام اور بہتر بہار کے مفاد میں بڑا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
Published: undefined
مکیش سہنی نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ بہار کے روشن مستقبل اور سماجی انصاف کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہماری جدوجہد کا مقصد یہ ہے کہ برابری، احترام اور حقوق کی آواز مزید مضبوط ہو۔ مہاگٹھ بندھن متحد ہے اور ہم مل کر بہار میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں۔‘‘
سنتوش سہنی کی دستبرداری کے بعد گورابورام نشست پر اب کل 11 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ بی جے پی نے یہاں سے سوجیت کمار کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جو اب آر جے ڈی کے افضل علی خان کے مدمقابل ہوں گے۔
واضح رہے کہ گورابورام سمیت بہار کی 121 اسمبلی نشستوں پر 6 نومبر کو پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہونی ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی قیادت تیجسوی یادو کر رہے ہیں، جو اس انتخاب کو ’تبدیلی کی لڑائی‘ قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب این ڈی اے اتحاد اس مقابلے کو سخت بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined