قومی خبریں

بنگلورو جا رہی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز سے ٹکرایا پرندہ، طیارہ میں سوار تھے 148 مسافر

وشاکھاپٹنم سے بنگلورو جا رہی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز سے پیر کو ایک پرندہ ٹکرا گیا تھا۔ اس واقعہ میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کو چوٹ نہیں آئی۔ لینڈنگ کے بعد طیارہ کو پارکنگ اسٹینڈ پر لے جایا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ / آئی اے این ایس</p></div>

ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ / آئی اے این ایس

 

وشاکھاپٹنم سے بنگلورو جا رہی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس2065 سے 19 اکتوبر کو ایک پرندہ ٹکرا گیا تھا۔ حالانکہ پرواز نے بنگلورو کے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر محفوظ لینڈنگ کی۔ طیارہ میں 148 مسافر سوار تھے۔ اس واقعہ میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کو چوٹ نہیں آئی۔ لینڈنگ کے بعد طیارہ کو پارکنگ اسٹینڈ پر لے جایا گیا۔ انجینئروں اور تکنیکی ٹیم نے طیارہ کی جانچ شروع کی تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ پرندہ کے ٹکرانے سے طیارہ کے انجن یا دیگر حصوں کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب رواں ماہ کے آغاز میں فرینکفرٹ سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو جے پور میں ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ طیارہ سے مبینہ طور پر ’اسکواک 7500‘ سگنل بھیجا گیا تھا، جسے بین الاقوامی سطح پر طیارہ کے اغوا (ہائی جیک) کی نشاندہی کرنے والا کوڈ سمجھا جاتا ہے۔ یہ الرٹ احمدآباد ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو موصول ہوا تھا، جس کے بعد طیارہ کو بحفاظت جے پور میں اتارا گیا۔ حالانکہ الرٹ فعال ہونے کی اصل وجوہات کے حوالے سے فوری طور پر کوئی واضح معلومات دستیاب نہیں ہو سکی تھیں۔

دوسری جانب مغربی ایشیا میں بدلتے ہوئے سیکورٹی حالات کے باعث ہندوستانی ہوابازی کمپنیوں نے سعودی عرب کے کئی شہروں کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر رکھی ہیں۔ ٹریول ایڈوائزری کے مطابق ریاض، جدہ اور دمام جیسے بڑے سعودی شہروں کے لیے پروازیں معطل ہیں، جبکہ کچھ ایئرلائنز نے مدینہ کے لیے بھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ریاض، دمام اور جدہ کے لیے اور وہاں سے چلنے والی اس کی تمام پروازیں 20 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی۔ متاثرہ مسافروں کو مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے۔

ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازوں کی معطلی 20 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔ دوسری جانب انڈیگو نے ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ کے لیے اپنی پروازیں 24 اکتوبر تک منسوخ کر دی ہیں۔ اکاسا ایئر نے ریاض کے لیے پروازوں کی معطلی 24 اکتوبر تک اور جدہ کے لیے 21 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔ تمام ایئرلائنز نے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔